(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا.
پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے بطور اپوزیشن لیڈر مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں نے بطور اپوزیشن لیڈراپنا استعفی پارٹی کو جمع کروا دیا ہے.
سینیٹ کے اجلاس میں نقطہ اعتراض اٹھاتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کے حوالے سے میری ذات سے متعلق باتیں کی جارہی ہیں، کہا گیا کہ میں نے اس معاملے میں حکومت کا ساتھ دیا، ان بیانات کے بعد میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا، اس لئے اس معاملے پر استعفی دے دیا ہے اور اپنا استعفی پارٹی لیڈر شپ کو دیا ہے.
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھے اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کا ایجنڈا تاخیر سے موصول ہوا، اجلاس کے لیے میرے آفس میں مسیج آیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ ایجنڈے میں اسٹیٹ بینک کا بل موجود ہے، آپ نے یہ بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا، چئیرمین ہاؤس کی نمائندگی کرتا ہے ناں کہ حکومت کی، چئیرمین اور اسپیکر کو ایوان میں متنازعہ نہیں ہونا چاہیئے، ووٹنگ کے دوران آپ نے 30 منٹ کا اجلاس ملتوی کیا، آپ نے یہ کرکے حکومت کے لیے سہولت کاری کی، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہئیے تھا.