نمیرہ محسن 233

تمہیں کیا لگتا ہے ننھی کلی تحریر : نمیرہ محسن

تمہیں کیا لگتا ہے ننھی کلی!!!
وہ پتا جو شاخ سے ٹوٹا
خزاں کی قبر میں دفن ہوا؟
ساری تم سی کلیاں
جو پھول بنتے ہی خاک ہوئیں
ہوا نے جن کے ذرے
بگولوں میں اڑا ڈالے
مر گئی ہو ں گی؟
سنو میری پیاری!
کھلنے سے مت گھبراو
رنگوں میں بھیگتی جاو
کچھ بھنورے منڈلائیں گے
کچھ رس پینے آئیں گے
کوئی توڑ کر مسل دے گا
کہیں سیج پر سجو گی تم
کسی جوڑے میں مہکتی ہوئی
کبھی بانہوں میں بہکتی ہوئی
کہیں کسی لاوارث قبر پر کوئی
مٹھی بھر کے پھینک جائے گا
کوئی عطر پکارے گا
تم سے خود کو سنوارے گا
پھر تم نے بھی خاک ہونا ہے
وہ پتہ جو تم نے جانا مرگیا ہو گا
نہیں
ہرگز نہیں
وہ ایک اور روپ میں ڈھل گیا ہو گا
تم نے جس رات
آنکھ کھولی تھی
وہ
وہیں تمہارے قدموں میں تھا
آج جس پیڑ پر مہکتی ہو
اسکے پیروں میں
زندگی اگلتی مٹی ہے
کوئی مرتا نہیں
بس
مٹی میں مل جاتا ہے
اپنے پیاروں سے پھر مل جاتا ہے
نمیرہ محسن
19 فروری 2022

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں