سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار،پی این پی نیوزایچ ڈی)
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقے اپنے قدرتی حسن کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں اور ہر سال سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ان علاقوں کا رخ کرتی ہے۔
رواں برس اس صوبے میں دہشت گردی کے واقعات پیش آتے رہے ہیں مگر سیاحت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جو گزشتہ سال 2022 کی نسبت 100 فیصد زیادہ ہے.
رواں برس سیاحوں کی بڑی تعداد نے گلیات کے پُرفضا مقامات کا رُخ کیا جن کی تعداد 63 لاکھ 48 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمۂ سیاحت کی سالانہ رپورٹ کے مطابق وادی کاغان اور ناران کی سیر 50 لاکھ 80 ہزار سیاحوں نے کی جبکہ سوات اور مالم جبہ میں 35 لاکھ 49 ہزار سیاح سیر و تفریح کرنے گئے۔
اپر اور لوئر دیر کے سیاحتی مقامات میں جانے والے سیاحوں کی تعداد 13 لاکھ 80 ہزار 740 رہی۔ ضلع لوئر چترال میں پانچ لاکھ 91 ہزار 330 جبکہ اپر چترال میں 38 ہزار 771 سیاح گھومنے پھرنے گئے۔