سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
کویت نے غزہ پٹی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ کشیدہ صورتحال کو اسرائیل کے جارحانہ عزائم اور خلاف ورزیوں کا نتیجہ قرار دے دیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب، ایران ، قطر اور عمان کی جانب سے بھی اسرائیل فلسطین کشیدہ صورت حال کی مذمت کی جا چکی ہے.
کویتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال اسرائیل کے جارحانہ انداز اور خلاف ورزیوں کا نتیجہ ہے، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی برادری کشیدگی کے خاتمےکے لیے اقدامات کریں۔کویت کی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدام کیے جائیں اور اسرائیل پر مسجدالاقصیٰ کی مسلسل بےحرمتی اور یہودی آبادکاری کو وسعت دینےکی پالیسیوں کے خلاف دباؤ ڈالا جائے.
دوسری جانب کویت سٹی میں فلسطینی مزاحمتی تحریک کی جانب سے اسرائیلی کے خلاف کارروائیوں کے حق میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کویتی اور غیرملکیوں کی بڑی تعداد فلسطینی پرچم تھامے جمع ہوئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینیئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی جبکہ 1590 افراد زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے.