The eyes of PDM, PPP and PTI are not moving away from gate number four of Pindi, Sirajul Haq 125

پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی نظر پنڈی کے گیٹ نمبر چار سے نہیں ہٹ رہی، سراج الحق

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان غربت، بے روزگاری، مہنگائی پر اتفاق جب کہ کرسی اور مفادات پر اختلاف ہے، تینوں کی نظر پنڈی کے گیٹ نمبر چار سے نہیں ہٹ رہی۔ مجموعی سیاسی اور اقتصادی صورت حال بحران کا شکار ہے ، ڈار ڈالر لائے نہ کہیں شہباز سپیڈ نظر آئی۔ پنجاب کے تماشے نے پورے ملک کو تماشا بنا دیا، یہ واضح ہے کہ حکومت وزیراعلیٰ کی ہو یا گورنر راج، عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں۔ وہ منصورہ میں مختلف وفود اور جامعہ منصورہ سندھ کے طلبہ سے ملاقات کر رہے تھے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی اس موقع پر موجود تھے.
سراج الحق نے کہا کہ ٹرائیکا کو حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں، تینوں نے مل کر ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ عوام میں حکمرانوں کے خلاف لاوا پک رہا ہے، وہ وقت قریب ہے جب مظلوموں کے ہاتھ ان کے گریبانوں پر ہوں گے۔ حقیقی احتساب اور شفاف الیکشن ہوا تو ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ کا صفایا ہو جائے گا.
امیر جماعت نے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں قائم حکومتیں نااہل ہیں، ان کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، لوگوں کی قوت خرید ختم ہو گئی، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، فی کلو آٹا 130روپے کلو تک پہنچ گیا ہے، تاجرکنگال، کاشتکار پریشان اور پڑھے لکھے نوجوان مستقبل سے مایوس بیرون ملک جا رہے ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں