کیماڑی کے علاقے مچھر کالونی میں ایم کیو ایم کے نامزد امیدواران پر پیپلز پارٹی کے مسلح جتھے نے حملہ کیا ہے،انیس قائمخانی کا الزام 172

کیماڑی کے علاقے مچھر کالونی میں ایم کیو ایم کے نامزد امیدواران پر پیپلز پارٹی کے مسلح جتھے نے حملہ کیا ہے،انیس قائمخانی کا الزام

کراچی رپورٹ (اعجاز احمد طاہر اعوان،تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائمخانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کیماڑی کے علاقے مچھر کالونی میں ایم کیو ایم پاکستان کے نامزد امیدواران پر پیپلز پارٹی کے مسلح جتھے نے حملہ کیا ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ این اے 243 کیماڑی میں حق پرست نامزد امیدوار ہمایوں عثمان اور ملک فیاض کارکنان کے ہمراہ انتخابی مہم میں مصروف تھے،اسی دوران پیپلز پارٹی کے دہشتگردوں نے مقامی عہدیداروں کی سربراہی میں نہتے کارکنان پر گولیاں چلائی ہیں، حملے کا مرکزی ملزم نثار خان قادرپٹیل کا کوآرڈینیٹر اور پیپلز پارٹی کا عہدیدار ہے۔انیس احمد قائم خانی نے مزید کہا کہ مسلح حملے میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان زخمی ہوئے جبکہ تین لوگ شہید ہوئے ہیں،شہید ہونے والوں میں سراج الاسلام، عبد السلام اور معبود شامل ہیں، زخمی کارکنان کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔انیس احمد قائمخانی نے نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر پر حملہ کر کے تین کارکنان کو شہید اور متعدد کو زخمی کرنے والے پیپلزپارٹی کے دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں