سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
اپنے ساتھ رقم، سونا اور دیگر قیمتی اشیاء لے کر سعودی عرب آنے والے غیرملکیوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی گئیں.سعودی حکومت کی “زکوٰۃ” ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی‘ کی طرف سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ 60 ہزار ریال (تقریباً45لاکھ روپے) یا اس سے زائد نقدی، سونا یا دیگر قیمتی اشیاء لے کر سعودی عرب آ رہے ہوں، ان پر لازم ہے کہ وہ پیشگی ان اشیاء کو ڈکلیئر کریں.
اتھارٹی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں آنے اور بیرون ملک جانے والوں کے پاس اگر بینک چیکس اور ڈیپازٹ سرٹیفکیٹس وغیرہ جیسی اشیاء ہوں تو انہیں پیشگی ڈکلیئر کرنا بھی ضروری ہے۔ان اشیاء کو اتھارٹی کی ایپلی کیشن پر ڈکلیئر کیا جا سکتا ہے جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر میسر ہے۔ اس کے علاوہ اتھارٹی کی ویب سائٹ (https://zatca.gov.sa/en/Pages/default.aspx)بھی اس مقصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔
اتھارٹی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جو شخص مذکورہ اشیاء کو ڈکلیئر کرنے میں ناکام رہے گا اسے جرمانہ کیا جائے گا جو ضبط کی گئی چیز کی قیمت کے 25فیصد کے برابر ہو سکتا ہے۔ اگر دوسری بار وہ آدمی یہی غلطی کرے گا تو جرمانہ پکڑی گئی چیز کی قیمت کے 50فیصد کے برابر ہو گا۔ تاہم اگر یہ چیز منی لانڈرنگ یا دیگر کسی طرح کے جرم کے زمرے میں آ گئی تو ملزم کو گرفتارکرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا اور وہاں سے اسے سزا دلوائی جائے گی.