سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے. نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی 206

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے. نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔یادرہے کہ سعودی ولی عہد ان دنوں پڑوسی ملک بھارت میں جی 20 کانفرنس میں شرکت کے لیےآئے ہیں.
نجی نیوز چینل کے ایک ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر خارجہ نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے حوالے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد کی تاریخوں کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاکستان کے لیے معاشی ترقی کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، اس دورے کے دوران متعدد ڈیلز فائنل ہونے کی امید ہے، ہماری زیادہ توجہ زراعت، کان کنی، توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں معاہدوں پر مرکوز ہے، کیونکہ اب ہم شرح نمو کو بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں.
سعودی ولی عہد کے اس متوقع دورے کو سماجی و معاشی ترقی کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے نگراں وزیر خارجہ نے سعودی عرب سے گزشتہ کئی ماہ کے دوران پاکستان کو ملنے والی امداد کے بارے میں مختصراً بات چیت کی۔جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اورخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے بعد سے اس تعاون میں مزید تیزی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تناظر میں ہمیں اس دورے سے بہت امیدیں ہیں، ہم بہت پر امید ہیں کہ ہم مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کریں گے جو کہ قوم کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس کے بعد نگران وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی، نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، وزیر قانون عرفان اسلم اوردیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے بتایا تھا کہ کونسل کے ہونے والے اجلاس میں شرکا کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا تھا کہ شرکا کو پاکستان کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات سے آگاہ کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ پاکستان فعال سفارت کاری پر عمل پیرا ہے، خطے اور دنیا میں ہمارے تعلقات مضبوط ہورہے ہیں، چین کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات ہیں جو مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات مثبت انداز میں فروغ پا رہے ہیں، سعودی عرب، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بھی ہمارے اچھے تعلقات ہیں، افریقہ ایک اہم براعظم کے طور پر ابھر رہا ہے جبکہ افریقہ پالیسی کے تحت اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر بھی بات ہوئی ہے.
انہوں نے کہا تھا کہ یورپی یونین پاکستان کا تجارتی اور سرمایہ کاری میں اہم شراکت دار ہے، ان تمام ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت میں اضافہ ہوا ہے، امریکا کے ساتھ تجارت 12 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہے جبکہ جی سی سی کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں.
انہوں نے کہا تھا کہ کونسل کا بنیادی مقصد تمام بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی مشکلات دور کرنا ہے اور اس میں زراعت، توانائی اور کان کنی پر توجہ دی جارہی ہے.
ان کا کہنا تھا کہ کونسل کے قیام کے بعد جی سی سی اور کئی دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے، کونسل کے تحت ملک میں کاروبار میں آسانی پیدا کی جائے گی اور سرمایہ کار آسانی کے ساتھ کاروبار شروع کر سکیں گے اورانہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں