سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
سعودی عرب کے دارلحکومت الریاض میں سعودی پاکستانی پروفیشنلز کے زیر اہتمام ۵ اکتوبر ۲۰۲۴ کو یونیٹی فیسٹیول کا انعقاد ایک بڑے پیمانے پر کیا گیا۔ اس فیسٹیول میں ناصرف کارپوریٹ پینل ڈسکشنز اور پریزینٹیشن تھیں بلکہ فیملیز کے لیے بھی مختلف سرگرمیاں رکھی گئیں تھیں۔ پینل گفتگو، سیمینارز ، اسٹالز ، قران پروگرام اور جاب سپورٹ پروگرام نے اس فیسٹیول میں چار چاند لگا دیے۔ سفیر پاکستان جناب احمد فاروق صاحب و بیگم ، ڈیفنس اتاشی برگیڈئیر محمد عاصم ، کمیونٹی ویلفیر اتاشی سہیل بابر سمیت کئی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس فیسٹیول میں خاص طور پر خواتین کے پینل کا اہتمام کیا گیا ، جس میں محترمہ عائشہ احمد فاروق ( بیگم سفیر پاکستان ) کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ ، تعلیم ، میڈیکل اور کمیونٹی لیڈ کرنے والی خواتین نے شرکت کی ، جس میں جاب کے ساتھ ساتھ اپنی گھریلو زندگی میں توازن رکھنے پر بات ہوئی۔ سفیر پاکستان احمد فاروق صاحب نے کمیونٹی کی محنت کو سراہتے ہوۓ کہا کہ ایسی تقریبات کا انعقاد ہوتے رہنا چاہئیے اور پاکستانی پروفیشنلز کی مزید شرکت یقینی بنانے پر زور دیا ۔ اس فیسٹیول کے مقصد پر بات کرتے ہوۓ اس کمیونٹی کے بانی فیصل غوری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کارپوریٹ کے ساتھ ساتھ ہماری فیملیز کا نیٹ ورک بھی مضبوط ہو تاکہ ہماری کمیونٹی اور منظم اور متحد ہوکر کام کرسکے۔