121

پی ٹی آئی کی جانب سے 21 ستمبر کو لاہور میں جلسے کا اعلان

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے 21 ستمبر کو لاہور میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے.
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اس حوالے سے 8 ستمبر کو اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے 21 ستمبر کو لاہور جانے کا باضابطہ اعلان کیا تھا.
انہوں نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ’ہم جلسہ کرنے آ رہے ہیں، ہمیں روکنے کی غلطی مت کرنا ورنہ نتائج خطرناک ہوں گے.
لاہور جلسے کے اعلان کے بعد اس کی کامیابی کے لیے حکمتِ عملی کی تشکیل کا ٹاسک بھی علی امین گنڈا پور کو ہی دیا گیا ہے.
انہوں نے اس سلسلے میں صوبائی قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جبکہ گذشتہ روز 15 ستمبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں انصاف یوتھ ونگ پنجاب سمیت تنظیمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جس میں جلسے سے متعلق مشاورت کی گئی.

خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر مینہ خان آفریدی نے بتایا کہ ’لاہور جلسہ اسلام آباد سے بھی بڑا ہوگا.وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور صوبے سے جانے والے تمام قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے.
انہوں نے کہا کہ ’ہم کسی سے جنگ کرنے نہیں جا رہے تاہم اگر روکا گیا تو خاموش نہیں رہیں گے کیوں کہ انصاف کے حصول کے لیے ہم ہر رکاوٹ عبور کرنے کے لیے تیار ہیں.
صوبائی وزیر مینہ خان نے مزید کہا کہ ’انصاف یوتھ ونگ اور ذیلی سطح پر پارٹی ورکرز کو متحرک کیا جارہا ہے اور کارکن بے چینی سے 21 ستمبر کو لاہور جانے کے لیے تیار ہیں۔ تمام دیہی کونسلوں کے رہنما ورکرز کی فہرستیں تیار کر رہے ہیں.
رکنِ صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے مؤقف اختیار کیا کہ ’وزیراعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کے ہر رُکن کو اپنے ساتھ ایک ہزار کارکن لانے کا ٹاسک دیا ہے۔ ہماری تیاری مکمل ہے اور صرف پشاور سے 20 ہزار سے زیادہ کارکن لاہور جائیں گے جب کہ باقی اضلاع سے بھی کارکنوں کے قافلے موٹروے پر مرکزی قافلے میں شامل ہو جائیں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں