Elite Club Saudi Arabia in Pakistan's 75th Independence Day 253

پاکستان اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے پاکستان کے پچھترویں جشن آزادی کی تقریب میں الیٹ کلب سعودی عرب کی بھر پور شرکت

رپورٹ : جویریہ اسد سعودی عرب (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
اس سال پاکستانی قوم اپنے 75ویں یوم آزادی کی تقریبات روایتی جوش اور آزادی کے جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس پرمسرت موقع پر، پاکستان اوورسیز کمیونٹی سعودی عرب نےجمعہ 12 اگست 2022 کو دمام میں ایک خوب صورت اور رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا، جس میں مشرقی صوبے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور کچھ خاص مہمان ریاض اور جدہ سے بھی تقریب میں شامل ہوئے۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان جناب امیر خرم راٹھور تھے۔ ان کے ہمراہ پاکستانی سفارت خانے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سفیر پاکستان نےاپنی تقریر میں کہا کہ جشن آزادی کابنیادی مقصد نظریہ پاکستان کو نئی نسل تک پہنچانا ہے۔
تقریب کا آغاز دلچسپ اور حوصلہ افزا سرگرمیوں پر مبنی تھا جس میں قومی گیت، بچوں کا ثقافتی انداز، گیم شوز اور کئی دیگر سیگمنٹ شامل تھے۔ اس تقریب کی نظامت آر جے فواد نے اپنے منفرد اور مخصوص انداز میں کی۔
تقریب کا سب سے زیادہ منفرد جز پاکستان کے تمام صوبوں کی علاقائی ثقافت کے بھرپور رنگوں کی نمائش کرنے والے پویلینز پر مبنی تھا جو مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ایلیٹ کلب سعودی عرب نے بطور معاون تنظیم سندھ اور بلوچستان صوبوں کی ثقافت اور روایات کو خوبصورتی سے سجایا۔ سندھ اور بلوچستان کے پویلینز کی آرائش ایلیٹ کلب سعودی عرب کی بانی، جویریہ اسد نے اپنی فعال ٹیم کی اراکین مسرت عتیق، صبا ادریس، ثنا بتول، سمیرا ہارون، فرحین حامد اور شفق عمران کے ساتھ کی۔ روایتی سندھی کھانوں کو مہمانوں نے بے حد پسند کیا۔
سفیر پاکستان نے تمام پویلینز کا دورہ کیا اور ایلیٹ گیسٹ بک میں خصوصی طور پرسندھ پویلین کے حوالےسے ستائشی تاثّرات قلم بند کئے اور تنظیم کی کاوشوں کو سراہا۔ کلب کےاراکین اسد علی حسن، عمر نیازی، ہارون احمد نے انہیں روایتی سندھی اجرک، سندھی ٹوپی اور اعزازی سندبطور تحائف پیش کیں۔
ایلیٹ کڈز کلب نے پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے قائداعظم کے اقوال پر مبنی ایک جامع فکر انگیز سیگمنٹ کا انعقاد کیا جو تعلیم، صبر، مسلسل محنت، بہادری اور وقار کے پیغامات کو عام کرتا ہے۔
پاکستان اوور سیز کمیونٹی کے صدر جناب جواد علی نے اپنے خطاب میں سعودی عرب کو دوسرا گھر قرار دیا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کی ترقی کے لیے کوششیں کرنی ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں اور معاون تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں پاکستانی اوور سیز کمیونٹی کی طرف سے تمام سپانسرز اور معاون تنظیموں کو اعزازی اسناد دی گئیں۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے روایتی کیک کاٹ کر کیا گیا۔ مجموعی طور پر یہ ایک خوب صورت اور پرلطف تقریب تھی جس نے مملکت میں پاکستان کے تمام ثقافتی رنگوں کو ایک ہی چھت کے نیچے جمع کیا اور جشن آزادی کا مزہ دو بالا کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں