Pakistanis were deported from Saudi Arabia 115

سعودی عرب سے 20 سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا گیا

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

سعودی عرب سے 20 سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا گیا ہے.
ایف آئی اے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے اور دیگر سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے پاکستانی شہریوں کو بے دخل کیا گیا ہے، مسافروں کو گھر جانےکی اجازت نہیں دی گئی بلکہ پاکستان واپس پہنچنے والے 20 سے زائد شہری کراچی ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن حکام کی تحویل میں ہیں.
بے دخل پاکستانی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گئے، تمام شہریوں کو سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے اور دیگر سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پاکستان واپس بھیجا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق سعودی عرب سے 20 سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا گیا ہے جنہیں سعودی ایئرلائن کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا، ڈپورٹ ہونے والے پاکستانیوں کو سعودی حکام کی جانب سے امیگریشن کلیئرنس نہ ملنے پر واپس بھیجا گیا ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے.
ایف آئی اے حکام سے معلوم ہوا ہے کہ ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی شہریوں کی دستاویزات کا جائزہ لیا جارہا ہے، دستاویزات کی مکمل چھان بین کے بعد مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے گی اور اگر کوئی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ایسے افراد کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ماضی میں سعودی عرب سے ڈی پورٹ افراد کو محدود مدت کے لیے بلیک لسٹ کیا جاتا تھا تاہم اس حوالے سے اس سال کے شروع میں کی گئی تبدیلیوں کے تحت اب مملکت سے کسی بھی قانون کے تحت ڈی پورٹ ہونے والے کسی بھی ویزے پر تاحیات سعودی عرب نہیں آسکتے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں