Pakistan Consulate Jeddah 89

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد

جدہ (ثناء شعیب ) یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر قونصلیٹ جنرل کے احاطے میں قومی پرچم بلند کیا گیا جب کہ پس منظر میں قومی ترانہ بجایا گیا اور کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات بلترتیب عدنان جاوید ڈپٹی قونصل جنرل، قونصلر عمران علی اور قونصلر عبدالرؤف میو نے پڑھ کر سنائے ۔
جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط رشتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسے ایک برادرانہ رشتہ قرار دیا جس کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں۔ اس دن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خالد مجید نے کہا کہ یہ دن بانیان پاکستان کی جانب سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، یہ دن اتحاد، ایمان کے نظریات پر روشنی ڈالنے کا دن ہے اور نظم و ضبط جس کی تائید بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کی تھی۔ انھوں نے کہا ۲۳مارچ پاکستان کی تاریخ کا ایک تاریخی موقع ہے کیونکہ اسی دن 1940 میں قرارداد لاہور منظور ہوئی تھی۔ اس قرارداد نے اعلان کیا کہ ہندوستان میں مسلمان ایک الگ قوم ہیں اور اپنے لیے الگ وطن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس قرارداد نے 1947 میں پاکستان کے قیام کی راہ ہموار کی۔ قونصل جنرل نے جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مملکت سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کردار کی بھی تعریف کی۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں نےشرکت کی۔ تقریب کا آغاز قاری عبدالحسیب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور آخر میں پاکستان اور امت مسلمہ کی سلامتی، فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ تقریب کی نظامت پاکستان قونصلیٹ جدہ کے پریس قونصلرمحمد عرفان کی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں