There is nothing new in this world. 339

اس دنیا میں کچھ بھی نیا نہیں بڑا ہی مایوس کن پڑاو ہے- نمیرہ محسن

اس دنیا میں کچھ بھی نیا نہیں بڑا ہی مایوس کن پڑاو ہے۔
یہ مت سمجھیے گا کہ میرا مطلب زندگی سے مایوس ہوجانا ہے! ہرگز نہیں۔
ہر وہ شخص کہ جس کو خدائے واحد پر یقین ہے وہ تو پر امید اور روشن چہرے والا ہے۔ عمر بھی ہار جاتی ہے ایسے ذی ہوش بندوں کے سامنے۔
میرا اشارہ صرف دنیا کی جانب ہے۔
بات اتنی سی ہے کہ ہر احساس، جذبہ، مقام، دور، ذائقہ، ملبوس، مسئلہ،واقعہ دہرایا جا رہا ہے۔ اگر کچھ نیا ہے اس دنیا میں تو وہ آپ خود ہیں۔
انتہائی انوکھے، شاندار، اپنے خالق کی صناعی کا شاہکار۔ تو مت متاثر ہوں اپنے اردگرد پھیلے جال سے۔ یہ تار عنکبوت ہیں۔ اللہ رب العزت نے ہمیں ان طاغوتی چالوں کے بارے میں خوب اچھے سے اپنی سوہنی، سچی کتاب میں آگاہ کردیا اور صرف ہمیں ہی نہیں بلکہ ہم سے پہلے بھی ہر ذی روح جو اس دنیا میں بھیجی گئی آگاہ کی گئی۔
اس کائنات کی سب سے قیمتی چیز آپ ہیں۔ بچا لے جائیے اپنے پاک دل کو ان اندھیروں سے۔ سب سے بہتر ہے کہ اپنا دل اپنے رب کو دے دیں۔ جیسے میرے آپ کے محبوب باپ ابراہیم علیہ السلام نے دیا تھا، پورا کا پورا، مہکتا ، پاک صاف دل۔ رونا آتا ہے؟ رو دیجیے! کس کے سامنے؟ جائے نماز پر اللہ کی گود میں سر رکھ کر۔
مگر خود کو بے مول مت کیجیے۔ آپ کو فردوس الاعلی میں ایک اعلی مقام پر فائز ہونا ہے۔آج کے دن کا بہترین استعمال کیجیے۔ اپنی قدر کیجیے، مسکرائیے اور نگاہ بلند رکھیے۔
خیر اندیش
نمیرہ محسن
28 نومبر 2022

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں