سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں معروف ادبی تنظیم تخیل نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے حوالے سے ایک بین الاقوامی مشاعرے اور مذاکرے کا اہتمام کیا جس میں پاکستان، بحرین اور کویت کے شعراء اکرام اور دانشوروں نے خصوصی شرکت کی، تخیل کی نئی روایت کے کہ قومی مشاہیر کے ایامِ ولادت پر منعقد کردہ تقریبات میں ان مشاہیر کی خدمات پر علمی مذاکرے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ مذکورہ تقریب کی صدارت پاکستان کے معروف اور بین الاقوامی شہرت یافتہ اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کے حامل شاعر، دانشور اور مصنف فرحت عباس شا ہ نے کی جب کہ مہمان خصوصی کراچی سے تشریف لائے معروف شاعر اور کئی کتابوں کے مصنف دلاور علی آزر تھے، نظامت کے فرائض تخیل کے جنرل سیکرٹری راشد محمود نے انجام دیے، تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حاٖفظ عبدالواحد نے حاصل کی۔
مشاعرے سے پہلے تحریک قیام پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کے کردار پر ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا اس مذاکرے میں شہر الریاض کے دانشوارن نے شرکت کی جن میں تخیل کے سرپرست اعلیٰ منصور محبوب، نائب صدر صابر امانی، پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے صدر احسن عباسی اورمجلسِ پاکستان کے جنرل سیکرٹری رانا عمر فاروق نے گفتگو کی۔ مذاکرے کا عنوان تحریک آزادی ہند تحریک قیام پاکستان میں کیسے تبدیل ہوئی اور وہ کیا محرکات تھے جنہوں نے قیام پاکستان کے قیام کی راہ ہموار کی اور قائد اعظم محمد علی جناح کا اس میں مدبرانہ کردار زیر گفتگو رہا، اس موقع پر حیدرآباد، جونا گڑھ اور کشمیر کے پاکستان میں شامل نہ ہوسکنے کی وجوہات پر بھی مفصل گفتگو کی گئی، مذاکرے کے اختتام پر صدر محفل فرحت عباس شاہ نے اپنے خطاب میں گفتگو کو سمیٹتے ہوئے ملت اوت قوم کے فرق کو بیان کیا اور پاکستان اور بھارت کے حالیہ ریاستی خدوخال اور تعلق کی نوعیت پر نہایت مدلل گفتگو کی۔
بعد ازاں، ایک مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوص پاکستان سے تشریف لائے معروف شاعر دلاور علی آزر تھے جبکہ مہمانانِ اعزاز بحرین سے ریاض شاہد اور کویت سے عماد بخاری تھے، دیگر شعرا اکرام میں یاسر عرفات ، کامران ملک، منیب فیاض، یاسر یونس، شاہد ریاض، ذیشان ناشر، ساجد محمود، شہباز صادق، پیر اسد کمال، فیصل اکرم گیلانی اور منظر ہمدانی تھے۔
خصوصی کلام پیش کرنے والوں میں تخیل کے اعلٰی عہدیداران شاہد خیالوی و صابر امانی اور سرپرست اعلیٰ منصور محبوب نے حاضرینِ محفل کو اپنے کلام سے خوب محظوظ کیا۔ بعد ازاں مہمانانِ اعزاز عماد بخاری، ریاض شاہد، مہمانِ خصوصی دلاور علی آزر نے اور صدرِ محفل فرحت عباس شاہ نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کے دل موہ لئے۔
مشاعرے کے اختتام پر فرحت عباس شاہ کو تخیل کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، دلاور علی آزر کو سال کے بہترین شاعر ایوارڈ پیش کیا گیا ۔ صحافتی خدمات کے اعتراف میں تخیل کے میڈیا کورڈینیٹر کامران ملک کو ان کی صحافتی خدمات پہ شیلڈ دی گئی۔ تخیل کے جنرل سیکرٹری راشد محمود نے اس موقع پر تمام سامعین و شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔