نمیرہ محسن 326

یا رب العالمین

تحریر : نمیرہ محسن
5 جنوری 2022

یا رب العالمین ! یہ میرا دل تیری صناعی ہے، تو اسے مجھ سے بہتر جانتا ہے۔ اے میرے محبوب رب اس میں جتنی خیر ہے اسے میرے شر پر غالب کردے۔ میرے مالک مجھے، میرے ماں باپ، میرے بچوں اور تمام مسلمانوں کو ایسا بنا دے کہ تیری بارگاہ میں قبولیت پا سکیں۔ میری نیکیاں اگر تیری کائنات کا ہر گوشہ بھر بھی دیں تب بھی تیرے رحم اور نظر کرم کی مرہون ہیں۔ اور اگر میرے گناہ رات کی سیاہی کو بھی مات دے دیں تو تیرا عفو و درگزر ان پر محیط ہے۔ میرے محبوب میرے دل پر اپنی محبت ایسے اتار جیسے ہر لمحہ عرش سے تیری رحمت نازل ہوتی ہے۔ اے میرے خالق اس دل کا کوئی گوشہ ایسا نہ چھوڑ کہ جس میں تیرے سوا کسی اور کی طلب ہو۔ تیری ملاقات اور تیرا چہرہ میری سب سے بڑی تمنا ہے۔ میں صدقے تیرے مالک! تو میرا خالی دامن اپنی دید کی لذت سے بھر دے۔ جب سب جنت کی خوشیوں میں مشغول ہوں تو میرا سکوں اور خوشی تیرا نظارہ ہو۔ جہاں تیرے قدم ہوں وہاں مجھے سر رکھنے کی اجازت دے دے۔ اے میرے رب میرے باپ ابراہیم علیہ السلام تو اپنا قلب سلیم آپ کی بارگاہ میں لائے تھے مگر یہ امتہ اللہ، آدم کی بیٹی اپنا بیمار دل لیے کھڑی ہے۔ یہ جانتی ہے کہ اس دل کا کوئی ٹکا نہ دے گا۔ مگر اسے معلوم ہے کہ تیرا دربار ہی وہ جگہ ہے جہاں اس کی قیمت خریدنے والے کی شان کے برابر لگتی ہے۔ مالک! قبول کر لے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں