غزہ میں مستقل جنگ بندی پر متفق نہ ہونا اسرائیل کوقتل عام کا لائسنس دینے کے مترادف ہے،عرب لیگ 191

غزہ میں مستقل جنگ بندی پر متفق نہ ہونا اسرائیل کوقتل عام کا لائسنس دینے کے مترادف ہے،عرب لیگ

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا غزہ میں مستقل جنگ بندی پر متفق نہ ہونا اسرائیل کوقتل عام کا لائسنس دینے کے مترادف ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ جمعے کو غزہ میں امدادی سرگرمیوں کو بڑھانے کی سلامتی کونسل میں منظور کی گئی قرارداد درست سمت میں اہم قدم تھا لیکن یہ محاصرے میں گھرے علاقے میں مکمل جنگ بندی کے حصول کے لیے مطلوبہ ہدف سے کم رہا.
ابو الغیط نے کہا کہ غزہ میں انسانی تباہی کے تناظر میں ’بین الاقوامی رائے عامہ کے غصے کو وقتی طور پر بہلانے سے بڑھ کر سنجیدہ اور مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد کی منظوری دی جس میں ایک ہفتے کے دورانیے تک ووٹنگ کی تاخیر اور شدید مباحثے کے بعد ’فوری طور پر محفوظ، بلا روک ٹوک اور وسیع انسانی رسائی کی اجازت دینے اور مخاصمت کے خاتمے کے لیے حالات پیدا کرنے‘ کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا.
اسرائیل کی شدید بمباری اور زمینی حملے نے غزہ کے بیشتر علاقوں کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے اور دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد خطوں میں سے ایک کو سنگین انسانی بحران میں دھکیل دیا ہے۔
سات اکتوبر کو اپنے آغاز کے بعد سے اب تیسرے مہینے میں داخل ہونے جنگ میں بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ چکی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں