کوریج رپورٹ جویریہ اسد (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
ریڈ پاکستان نے 17 دسمبر کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں کتب بینی اور ادب کی مختلف اصناف کے فروغ کے لئےاپنی سالانہ تقریب “نیشنل ریڈرز کانفرنس” کا انعقاد کیا۔
ریڈ پاکستان کی بنیاد فرخ ڈال اور سیدہ فاطمہ گیلانی نے کتب بینی کے فروغ اور پاکستان بھر میں ایک لاکھ لائبریریوں کے قیام کے مقصد کے ساتھ رکھی۔
پروگرام کے پیش نامے کو معلوماتی، علمی اور تفریح سرگرمیوں سے مزین کیا گیا تھا جس میں کلیدی تقاریر، کتابوں کی رونمائی، کتابوں کے تبادلے کا پروگرام اور زندگی میں کتب بینی کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنے کے لیے علمی نشستیں قابل ذکر ہیں۔
اس کانفرنس کے اغراض و مقاصد کے حصول کے لئے متعدد مشہور و معروف قومی اور بین الاقوامی مقررین کو مدعو کیا گیا جن میں سابق رکن اسمبلی علی محمد خان بطور مہمان خصوصی ،شاعر انور مسعود، معروف اینکرتوثّیق حیدر، ڈاکٹراشفاق ورک اور ڈاکٹر خالد الدوسری شامل تھے۔
تقریب کی نظامت قائداعظم یونیورسٹی کے طلبہ نمرہ شوکت اور اسفند علی اسد نے مدبرانہ انداز میں کی۔معروف شاعرہ صدف رضا اور بورڈ ممبر جویریہ اسد نے علمی نشستوں کو متاثّر کن انداز میں کانفرنس کا حصہ بنایا۔نشست کے مہمان مقررین پروفیسر ڈاکٹر جمیل النبی وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ، پروفیسر ڈاکٹر عذرا یاسمین وائس چانسلر (قائمقام)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی ،پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، عثمان رضا جولاہا، محمد اسماعیل، حامد محمود اور سیدہ نمیرہ محسن نے کتب بینی کی افادیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔قائد اعظم یونی ورسٹی کی طالبات نے خوب صورت صوفی کلام پیش کیا۔
کتابوں کے اجراء کے سیگمنٹ میں چیئرمین ریڈ پاکستان فرخ ڈال اور سی ای او ریڈ پاکستان سیدہ فاطمہ گیلانی کی تصانیف ریڈ ریڈیبل اور قران از یور” لائف ” متعارف کروائی گئیں۔ شاعرہ صدف رضا نے اپنی تین کتابیں رائٹ می ان ریڈ، لائک اے سلیپ واکر اور ان دی سپیس آف اے ڈریم کو بھی اے سیگمنٹ کا حصہ بنایا اور حاظرین سے داد وصول کی۔
معروف شاعر انور مسعود نے اپنی شاعری کے ذریعے سماجی مسائل کو ہلکے پھلکے طنزیہ انداز میں بیان کرتے ہوئے تقریب کی خوبصورتی اور رعنائی کو تقویت بخشی جسے سامعین نے گرم جوشی سے پسند کیا۔ ریڈ پاکستان نے انہیں ان کی نمایاں شرکت پر اپنا خصوصی ریڈ پاکستان اعزازی ایوارڈ پیش کیا۔
ریڈ پاکستان نے پنجاب کی آٹھ نمایاں جامعات اور خیبر پختنخواہ کے پانچ اسکولوں کی باہمی شراکت سے پچاس کتابوں کی کتب بینی کے مقابلہ کا انعقاد کیا۔ جن میں فاسٹ نیشنل یونیورسٹی فیصل آباد، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ویمن، فیصل آباد، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، فیصل آباد، محی الدین اسلامک یونیورسٹی A&JK، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر، فیصل آبادیونیورسٹی آف واہ، واہ کینٹ کے طلبہ نے حصہ لیا۔
کانفرنس میں مقابلہ میں جیتنے والوں طلبہ کو ان کی غیر معمولی کارکردگی پر اعزازی اسناد دے کر حوصلہ افزائ کی گئ ۔ مقابلے کا ٹائٹل ایوارڈ جی ایچ ایس ایس کوٹیگرام دیر (ایل) کے منصور احمد نے حاصل کیا۔
ریڈ پاکستان نے اپنے قومی اور بین الاقوامی ممبران بشمول سائبر ٹیم، بورڈ ممبران اور دیگر ارکان کو اعزازی شیلڈز پیش کیں جو ریڈ پاکستان کے مقصد اور وژن کو آگے بڑھانے کے لیے تندہی کے ساتھ کوشاں رہے۔
تقریب کے اختتام میں چئیر مین فرخ ڈال اور صدر فاطمہ گیلانی نے تمام حاظرین اور مقرر مہمانان کا شکریہ اداکیا اور مہمانان کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ تمام شرکاہ نے ریڈ پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور اس پر اثّر اور بامقصد تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔