پاک سر زمین پارٹی کی مرکزی قیادت سے مکتبہ دار السلام کے مینیجنگ ڈائریکٹر جمعیت اہل حدیث کے سینئر رہنما مولانا عبدالمالک مجاہد کی وفد کے ہمراہ ملاقات 315

پاک سر زمین پارٹی کی مرکزی قیادت سے مکتبہ دار السلام کے مینیجنگ ڈائریکٹر جمعیت اہل حدیث کے سینئر رہنما مولانا عبدالمالک مجاہد کی وفد کے ہمراہ ملاقات

لاہور نمائندہ خصوصی (ایچ ایم فیاض ، تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ لسانیت کو ختم کر کے انسانیت کی بنیاد پر سیاست کر رہے ہیں، پہلے روز سے ان اصلاحات کی کوششیں کر رہے ہیں جن سے کراچی سے کشمیر تک ہر عام پاکستانی کے مسائل حل ہونگے اور زندگی بہتر ہوگی۔ پاکستانیوں کے لیے جو کام کر رہے ہیں اسے جہاد سمجھتے ہیں۔ ظالم حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کر رہے ہیں اور صرف مسائل نہیں بتا رہے ان کا زمینی حقائق کے مطابق حل پیش کر رہے ہیں۔ ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان، اپنے اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہمیں مضبوط کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاؤس میں جمیعت اہلحدیث کےمرکزی رہنما مولانا عبد المالک مجاہد صاحب کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد میں شامل علماء کرام سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد کے شرکاء میں مفتی محمد یوسف قصوری امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ، مولانا محمد افضل سردار امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث کراچی، قاری خلیل الرحمٰن جاوید ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث کراچی، سید اشرف قریشی چیئرمین سیاسی امور مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ، شہزاد احمد سلفی ناظم ویلفیئر امور جمیعت اہلحدیث سندھ، آصف علی رہنما ویلفیئر امور جمیعت اہلحدیث سندھ بھی موجود تھے۔ مولانا عبد المالک مجاہد صاحب نے سید مصطفیٰ کمال کو اپنی تحریر کردہ کتابیں ہدیہ کیں اور پی ایس پی کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی مزید ملاقاتیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے سید مصطفیٰ کمال کو مرکزی جمعیت اہلحدیث کے دفتر کے دورے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ بلدیاتی نظام پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات پاک سرزمین پارٹی شمشاد صدیقی بھی موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے تمام علماء کرام کو پاکستان ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی فلاح کے لیے مرتے دم تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اسلام کے نام پر یہ ملک بنایا تھا اور ہم ہی اسے بچائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں