سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
وزیر اعظم شہباز شریف نے آج بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اسلام آباد کے ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت کے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ایسی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور رہائشی عمارات تعمیر کی جائیں جو کہ جدید سہولیات سے آراستہ ہوں۔وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ ان ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر میں تجربہ کار اور اچھی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ان منصوبوں کی مناسب مارکیٹنگ کی جائے جن میں سرمایہ کاری کے حوالے سے استعداد ہے،وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاےگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے مکمل کیا جائے۔،اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیراعظم احد چیمہ ,وزیر اعظم کے معاون خصوصی براے خزانہ طارق باجوہ، چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔