سفارت خانہ پاکستان ابوظبی اور پاکستانی قونصلیٹ دبئی میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے “ یوم کشمیر “ منایا گیا 245

سفارت خانہ پاکستان ابوظبی اور پاکستانی قونصلیٹ دبئی میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے “ یوم کشمیر “ منایا گیا

رپورٹ : دبئی (محمد آصف بلوچ ،تازہ اخبار ،پاک نیوز پوائنٹ)

سفارت خانہ پاکستان ابوظبی اورپاکستانی قونصلیٹ دبئی میں کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ یکجہتی اور بھائی چارے کے اظہار کے لیے “ یوم کشمیر “ منایا گیا۔ ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کے دوران سفیرپاکستان افضال محمود نے مظلوم کشمیریوں کا ساتھ نبھانے کا عزم کیا اور کہا کہ پاکستان کو حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے مارے جانے کی اطلاعات پر شدید تشویش ہے.
ممتاز کشمیری رہنما چوہدری سکندر,خواجہ جاوید ,سردار عمران، راجہ شہباز خان نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام کے بنیادی حقوق بحال نہیں کئے جاتے، خطے میں امن نہیں لوٹ سکے گا۔ دبئی اور شارجہ میں مقیم پاکستانیوں نے ہفتہ کو دبئی میں پاکستان قونصل خانے کے احاطے میں یوم کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم اور مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیربھی بنائی.
دوسری جانب دبئی میں تقریب کے موقع پر پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر بھارتی حکومت نے سری نگر اور خطے کے دیگر شہروں میں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام بند نہ کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دبئی میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے لیے پرعزم ہے اور امید ہے کہ اقوام متحدہ کی کوششوں اور قراردادوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سابق مشیر اور پاکستان پیپلز پارٹی امارات کے صدر سردار جاوید یعقوب نے وادی میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کشمیر کی تحریک پر بین الاقوامی توجہ دلاتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت “مظلوم کشمیریوں” کو خطے میں ہونے والی پس پردہ پیش رفت سے آگاہ کرے.
کشمیری رہنما اور مسلم لیگ ن امارات کے سنیئر رہنما راجہ عبدالجبار نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے مسلسل استعمال نے کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر ارادے کو کمزور نہیں کیا ہے۔ کشمیری رہنما اور تحریک انصاف کے رہنما راجہ راشد علی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرے تاکہ دہائیوں پرانے تنازعہ کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جا سکے.
سنیئر کشمیری رہنما ڈاکٹر شفقت نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی کوششوں میں سہولت فراہم کرے ورنہ خطہ میں ہر لمحے خوفناک جنگ کے بادل چھائے رہیں گے۔ نوجوان کشمیری رہنما فاروق بانیان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے ذریعے ہی کشمیر تنازعہ کا حل نکالا جاسکتا ہے ورنہ کسی جبری فیصلے کو کشمیری ہرگز قبول نہیں کریں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں