رپورٹ ثناء شعیب :پی این پی نیوز ایچ ڈی
سعودی عرب میں میڈ ان پاکستان نمائش کا افتتاح کر دیا گیا جس میں پاکستان کی 137 مختلف کمپنیوں کی جانب سے سٹلز لگائے گئے ہیں نمائش کا افتتاح کے موقعہ پر اہم۔سعودی شخصیات سمیت وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور سفارتی افسران سمیت پاکستانی اور سعودی شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی .
تاریخ میں پہلی مرتبہ سعودی عرب میں تین روزہ میڈ ان پاکستان نمائش کا افتتاح کر دیا گیا پہلی بار پاکستان سے 137 مختلف پاکستانی کمپنیز کی جانب سے سٹالز لگائے گئے جن پر میڈ ان پاکستان اشیاء لوگوں کی توجہ کا خاص مرکز ہیں میڈ ان پاکستان نمائش کے افتتاح کے موقعہ پر سعودی چیمبر آف کامرس کے اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال سمیت پاکستانی سفیر احمد فاروق،قونصل جنرل خالد مجید اہم پاکستانی اور سعودی کاروباری شخصیات شریک تھیں جبکہ دیگر ملکی اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد بھی نمائش کو دیکھنے کے لیے پہنچی اس موقعہ پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال نے افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کی مشرق وسطیٰ کے ساتھ دوبارہ جُڑنے کی حکمتِ عملی میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ یہ پالیسی معاشی سفارت کاری کے لیے ایک پل کا کام کرے گی، کاروباری روابط کو فروغ دے گی اور طویل المدتی اقتصادی تعاون کی راہ ہموار کرے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ میڈ اِن پاکستان نمائش میں مختلف صنعتوں کی متنوع مصنوعات کی نمائش کی گئی ہے، جن میں خاص طور پر کھیلوں کا سامان، ہلکی انجینئرنگ مصنوعات، ٹیکسٹائل، خوراک، تعمیراتی سامان اور خدمات کے شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات، خوشبودار باسمتی چاول، عالمی معیار کے کھیلوں کے سامان اور جدید جراحی کے آلات ہماری مہارت، ورثے اور معیار کی علامت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک-سعودی اقتصادی تعلقات میں گہرائی اور مضبوطی کے باوجود بے پناہ مواقع موجود ہیں جنہیں باہمی فائدے کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ پاکستان 240 ملین آبادی پر مشتمل ایک وسیع مارکیٹ ہے جو قدرتی وسائل اور منفرد جغرافیائی محل وقوع کی بدولت سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع فراہم کرتا ہے۔
حالیہ دنوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرکاری سطح پر 2.8 ارب ڈالر مالیت کے 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں، جبکہ توانائی، کان کنی، زراعت اور افرادی قوت کی ترقی جیسے شعبوں میں مزید کاروباری معاہدوں پر بات چیت جاری ہے.
سعودی عرب پاکستانی افرادی قوت کے لیے سب سے بڑی منڈی ہے اور ورلڈ ایکسپو اور فیفا ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹس میں دونوں ممالک کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی میں شراکت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اس بڑی نمائش میں پاکستان کی 137 کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس کے ذریعے کاروباری حلقوں کے درمیان مضبوط روابط قائم ہوں گے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
افتتاحی تقریب میں سعودی عرب کی وزارتِ سرمایہ کاری کے اسسٹنٹ منسٹر جناب ابراہیم المبارک اور سعودی چیمبر آف کامرس کے چیئرمین حسن مجیب الہویض سمیت دیگر نمایاں سعودی کاروباری شخصیات موجود تھیں۔ سعودی اور پاکستانی کاروباری برادری کے متعدد ارکان نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور اس ایونٹ کو دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پاک-سعودی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے میڈ اِن پاکستان نمائش کے انعقاد میں سعودی قیادت کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا.