سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار پی این پی نیوز ایچ ڈی)
بولی وڈ کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہونے والی اداکارہ کاجول کی جانب سے اپنے 29 سال کے شوبز کیریئر میں پہلی بار آن اسکرین بوس و کنار کے مناظر شوٹ کروانے پر شائقین نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے عمل کو نامناسب قرار دیا ہے.
“انڈیا ٹوڈے” کے مطابق کاجول نے 1993 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ان کی پہلی فلم ’بے خودی‘ تھی، جس میں انہوں نے بعض رومانوی مناظر شوٹ کروائے تھے، اس کے بعد ان کی 1994 میں ریلیز ہونے والی دوسری فلم ’دل لگی‘ میں بھی انہیں رومانوی مناظر میں دیکھا گیا تھا۔
اس کے بعد کاجول نے اسکرین پر اگرچہ متعدد بار رومانوی ہیروئن کے کردار ادا کیے لیکن کبھی انہوں نے کوئی بولڈ سین اور خصوصی طور پر بوس و کنار کا کوئی منظر شوٹ نہیں کروایا تھا.
کاجول نے کیریئر کے آغاز میں ہی طے کرلیا تھا کہ وہ اب کبھی اسکرین پر ’بوس و کنار‘ کے مناظر شوٹ نہیں کروائیں گی اور گزشتہ 29 سال میں انہوں نے ایسا کوئی منظر شوٹ نہیں کروایا تھا۔
لیکن اب زائد العمری میں انہوں نے اپنی پہلی ویب سیریز میں کیریئر کے 29 سال بعد پہلی بار بوس و کنار کے مناظر شوٹ کروائے ہیں، جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے.
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ کاجول نے جس ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ میں دوسرے اداکاروں کے ساتھ بوس و کنار کے مناظر شوٹ کروائے ہیں، اسے ان کے شوہر اجے دیوگن نے پروڈیوس کیا ہے۔
کاجول نے ’دی ٹرائل‘ میں پاکستانی نژاد برطانوی اداکار علی خان کے علاوہ بھارتی اداکار کے ساتھ بھی بوس و کنار کے مناظر شوٹ کروائے ہیں۔
’دی ٹرائل‘ کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر 14 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا اور اس کی 8 قسطیں ہیں اور آخری قسطوں میں کاجول کو بوس و کنار کے مناظر میں دکھایا گیا ہے۔
ویب سیریز میں کاجول اور پاکستانی نژاد اداکار علی خان نے بچپن میں محبت ہوجانے والے اداکاروں کا کردار ادا کیا تھا جو بعد میں ایک دوسرے سے بچھڑ جاتے ہیں اور پھر دونوں کی الگ الگ شادیاں ہوجاتی ہیں لیکن کئی سال بعد ملنے پر ان کی محبت جاگ اٹھتی ہے، جس پر دونوں اداکار ایک دوسرے کو بوس و کنار کرتے ہیں۔
کاجول کے بوس و کنار کے مناظر کی ویڈیو کلپس وائرل ہونے کے بعد ان پر تنقید کی گئی اور لوگوں نے حیرانی کا اظہار کرنے سمیت ان کے شوہر اجے دیوگن کی غیرت کو بھی للکارا.
زیادہ تر صارفین کا کہنا تھا کہ کاجول ایک بہترین اور کامیاب اداکارہ ہیں، انہوں نے آج تک بوس و کنار کے مناظر شوٹ نہیں کیے تو اب انہوں نے ایسا کیوں کیا ؟
بعض صارفین نے دلیل دی کہ ویب سیریز کے مناظر میں بوس و کنار کو شامل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی.