Introducing Pakistani truck art in a modern style 200

پاکستانی ٹرک آرٹ کو جدید طرز پر متعارف کروانے سے دنیا پاکستان کے اصل رنگوں کو بہتر طور پر جان پاۓ گی یہ کہنا تھا جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات سفیر ڈاکٹر محمد فیصل

رپورٹ مہوش ظفر جرمنی : ( تازہ اخبار، پی این پی نیوز ایچ ڈی)

پاکستان کی 75 سالہ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے, پاکستان ہاٶس برلن میں مشہور ٹرک آرٹس پھول پتی کے ٹرک آرٹ کے نمونوں کی نماٸش کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان ثقافتی و سماجی اعتبار سے ایک آسودہ اور پرکشش ملک ہے جو اپنے سیاحوں کی دلچسپی کے لیۓ اصناف کی ایک طویل فہرست پیش کرتا ہے۔ ھماری موسیقی، کھانے، قدرتی نظارے اور فن تعمیر دنیا بھر میں مشہور ہیں اور اپنے چاہنے والوں کو مسحور کرتے ہیں۔
سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ ٹرک ملک میں نہ صرف نقل و حمل کے ذریعے کے طور پر استعمال کٸے جاتے ھیں مگر اپنی منفرد و رنگین ہیت کے ساتھ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ دیکھنے والے نہ صرف انکی خوبصورتی سے محظوظ ہوتے ھیں بلکہ ان پر لکھی گٸ دلچسپ تحاریر بھی لوگوں کو تفریح فراہم کرتی ھیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹرک آزادٸ اظہار راۓ کے ذریعے کے طور پر بھی کام کرتے ھیں مثلاً مختلف سیاسی اور قومی شخصیات کی تصاویر کے ساتھ مختلف اقوال بھی سڑکوں پر رواں دیکھے جا سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹرک آرٹ فن کی بیشتر اصناف مثلاً قدرتی مناظر و جنگلی حیات سے لے کر عقل و دانش و مزاح کا احاطہ کرتا ہے۔
آج کی نماٸش مشہور ٹرک آرٹسٹ پھول پتی کی فنکارانہ صلاحیتوں کو جدید طرز سے روشناس کرانے کی ایک کاوش تھی کہ کیسے ٹرک آرٹ کے روایتی نمونےہمارے ارد گرد موجود روز مرہ کی اشیاء کو منفرد اور خوبصورت بنا سکتے ہیں ۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان کا مثبت تشخص اھبارنے اور دنیا کو پاکستان کے حقیقی رنگوں سے روشناس کرانے کی اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ اس موقع پر علی سلمان آنچن اور انکی پھول پتی ٹیم کو ستاٸشی اسناد بھی دی گٸیں
نمائش میں شریک غیر ملکی مہمانوں کا کہنا تھا کہ انھیں اس نمائش میں آکر تمام فن پاروں کو دیکھ کر زندہ دلی کا احساس ہوا ہے۔
ملاوی سے تعلق رکھنے والے سفارتکار کا نمائش سے متلعق کہنا تھا کہ اس قسم کی رنگوں سے بھرپور نمائش پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے یقینا کارگر ثابت ہوگی۔
پھول پتی آرٹ کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ہم سفیر پاکستان اور سفارتخانہ پاکستان کے بے حد مشکور ہیں کہ جنھوں نے ہمیں اپنے فن کے اظہار کا یوں موقع دیا ۔
پھول پتی ٹرک آرٹ کو شرکاء نے سراہتے ہوئے خوب انجوائے کیا اور اسے دیگر ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات بنانے کے لئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
نماٸش میں جرمنی میں تعینات مختلف سفارت کاروں, صحافیوں اور مختلف شعبہ ہاۓ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ لوگوں نے مختلف فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور سفارتخانہ و فنکاروں کو پاکستانی ثقافت کی جدید اطوار سے ہم آہنگ فنپاروں کے ذریعے نماٸش منعقد کرنے پر داد دی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں