اسٹاف رپورٹ: پی این پی نیوز ایچ ڈی
امریکی صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد ٹرمپ کی ٹیم سے عمران خان اور ان کی پارٹی سے ہونے والی نا انصافیوں پر بات کریں گے.
سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے قریبی دوست ز لفی بخاری نے کہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم اور ان کے خاندان کے افراد سے رابطے میں ہیں.
ز لفی بخاری نے کہا کہ ٹرمپ سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سزا پر تشویش کا اظہار کرچکے اور وہ اپنے دل میں عمران خان کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے امریکی صدرکا منصب سنبھالنے کے بعد ان کی ٹیم کے ارکان، ٹرمپ کی صاحبزادی اور داماد سے جیل میں قید عمران خان اور ان کی پارٹی سے ہونے والی ناانصافیوں پر بات کروں گا.
اس سوال پر کہ کیا وہ سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جیل سے رہائی سے متعلق ٹرمپ سے بات کا ارادہ رکھتے ہیں؟ اس پر ز لفی بخاری نے کہا کہ وہ انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزیوں اور پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی خراب صورتحال بالخصوص بانی پی ٹی آئی کے کیس پر بات کا ارادہ رکھتے ہیں.
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹرمپ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ وزیر اعظم تھے تو ان کا ٹرمپ سے رابطہ رہتا تھا اور ان سے دوستانہ تعلق تھا.