عمران خان نے پی ڈی ایم کو شکست سے دو چار کردیا۔قومی اسمبلی کے 8 نشستوں میں 6 نشست پر جیت 171

عمران خان نے پی ڈی ایم کو شکست سے دو چار کردیا۔قومی اسمبلی کے 8 نشستوں میں 6 نشست پر جیت

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 8 انتخابی نشستوں کے نتائج کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 8 سے 6 انتخابی نشستوں پشاور، مردان، چارسدہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد اور کراچی (این اے 239) سے کامیاب ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی نشست این اے 157 ملتان اور این اے 237 کراچی سے پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج موصول ہوچکے ہیں جس کے مطابق پی ٹی آئی نے 2 جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ایک نشست حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی خیبرپختونخوا کی 3، پنجاب کی 3 اور سندھ کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے۔
تینوں صوبوں میں پی ڈی ایم اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کا پی ٹی آئی سے سخت مقابلہ ہوا جن میں سے 7 نشستوں پر خود عمران خان بطور امیدوار حصہ لیا جبکہ ایک نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے بلے کے نشان پر الیکشن لڑا۔
این اے 22 مردان کے تمام 330 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق عمران خان 76 ہزار 681 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ جے یو آئی (ف) محمد قاسم 68 ہزار 181 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان میں ووٹرز کا ٹرن اوور 32.94 فیصد رہا۔
الیکشن کمیشن نے این اے 31 پشاور کا فارم 47 جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان 57818 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے ہیں۔ اے این پی کے غلام بلور کے 32 ہزار 252 ووٹ لے سکے۔
جماعت اسلامی کے محمد اسلم 3 ہزار 817 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ این اے 31 پشاور میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 20.28 فیصد رہا۔
این اے 24 چارسدہ سے تمام 384 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق عمران خان 78589 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ ایمل خان ولی کے 68356 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 24 چارسدہ میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 29.02 فیصد رہا۔
این اے 108 کے 354 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 99602 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عابد شیر علی 75131 ووٹ حاصل کرسکے۔ انتخابی حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 36.49 فیصد رہا۔
حلقہ این اے 118 کے تمام 319 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پی ٹی آٸی امیدوار عمران خان 90180 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل 78024 جبکہ ٹی ایل پی کے پیر افضال حسین شاہ 24630 ووٹ لے سکے۔ این اے 118 ننکانہ صاحب میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ44.1 فیصد رہا۔
ملتان کے حلقہ این اے 157 کے تمام 264 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے علی موسی گیلانی 107327 ووٹ کے ساتھ کامیاب ہوگئے جبکہ ٹی آئی کی امیدوار مہربانو 82142 ووٹ لے سکیں۔
این اے 157 ملتان میں ووٹرز کا ٹرن آوٹ 44.22 فیصد رہا۔
این اے 237 ملیر کے تمام 194 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئےجس کے مطابق پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32567 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 22493 ووٹ لے سکے۔ انتخابی حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 20.33 فیصد رہا۔
این اے 239 کورنگی کے 330 پولنگ اسٹیشن کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں جس کے مطابق عمران خان 50014 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا 18116 ووٹ لے سکے۔ حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 14.88 فیصد رہا۔
پی پی 241 کے تمام 168 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک مظفر خان59957 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امان اللہ ستار باجوہ 48147 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 241 بہاولنگر میں ووٹرز کا ٹرن آوٹ 48.83 فیصدرہا۔
پی پی 209 خانیوال کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جبکہ الیکشن کمیشن نے پی پی 209 خانیوال کا فارم 47 بھی جاری کردیا جس کے مطابق پی ٹی آئی کے فیصل خان نیازی 71 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
فارم 47 کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری ضیا الرحمن 57 ہزار 603 ووٹ حاصل کرسکے۔ پی پی 209 خانیوال میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 53.32 فیصد رہا۔
پی پی 139 کے تمام 153 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی پی 139 شیخوپورہ کا فارم 47 جاری کردیا گیا ہے۔
جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے افتخار احمد بھنگو 40829 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد ابو بکر 37712 لے کر دوسرے نمبر پرہیں۔ پی پی 139 میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 41.86 فیصد رہا۔
خیبرپختونخوا کے حلقے این اے 22 مردان میں جمیعت علما اسلام کی جانب سے مولانا قاسم جبکہ چارسدہ حلقہ این اے 24 سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل خان ولی کو ٹکٹ دیا گیا، ان دونوں امیدواروں کی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم امیدواروں کا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں