رپورٹ : (تازہ اخبار,پی این پی نیوز ایچ ڈی)
جمعیت علماء اسلام سعودی عرب کے مرکزی فنانس سیکرٹری اور جدہ شہر کے سیکرٹری جنرل انجنئیر حاجی سجاد خان کی جے یو آئی خیبر پختونخواکے صوبائی مجلس عاملہ اور شورٰ ی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی اعزازی طور پر خصوصی طور پر شرکت کی ، جہاں پر انہوں نے اجلاس کے دوران صوبائی قائدین سمیت دیگر اہم ارکان اور وفود سے تفصیلی ملاقات کی اور موجودہ سیاسی حالات اور ملکی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر سیر حاصل بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جے یو آئی سعودی عرب کے رہنماء انجنئیر حاجی سجاد خان نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ انشاءاللہ 21 مئی بروز ہفتہ پشاور کی سرزمین پر منعقدہ تقدس حرمین الشریفین کانفرنس بھرپور طریقے سے کامیاب ہوگی کیونکہ حرمین الشریفین کی تقدس کو پامال کرناہمیں کسی صورت قبول نہیں نیز حرمین کی حفاظت اور حرمت ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان جلسہ عام میں قائد جمعیتہ مولانا فضل الرحمن کا خطاب تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ اس وقت ملکی سلامتی و دفاع اسلام اور پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پوری قوم مولانا فضل الرحمن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستانی عوام قائد جمعیتہ کے بازو اور آواز بن گئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیازی سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ نعمت خداوندی ہے ، ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت پوری دنیا میں رسواء ہوئی ہے ملک کی اسلامی تشخص کو داوُ پر لگانے اور حرمین الشریفین کی تقدس کو پامال کرنیوالوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کریگی نیز انہی شرمناک کارناموں کی بدولت عمران نیازی کی حکومت سے چھٹکارہ پانے پر عوام خوشی سے شکرانے کے نوافل ادا کر رہے ہیں جبکہ موجودہ حکومت سے اپنے بہتر مستقبل کی توقع رکھتے ہوئے انہیں امید کی آخری کرن سمجھتے ہیں ۔ آخر میں صوبائی اجلاس کے اختتام پر سابق ایم این اے اور چارسدہ کے ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا سید گوھر شاہ نے انجنئیر حاجی سجاد کو بہتر جماعتی خدمات اور مثالی کارکردگی پر شیلڈ کے طور پر خصوصی گفٹ سے نوازا گیا جس پر حاجی سجاد نے صوبائی جماعت اور قائدین کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا.