death anniversary of Ms. Fatima Jinnah 263

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی آج 58 ویں برسی منائی جا رہی ہے.

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار پی این پی نیوز ایچ ڈی)
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی آج 58 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مزار قائد کے احاطے میں واقع محترمہ کی قبر پر عوام الناس حاضری دے کر فاتحہ خوانی کریں گے.
تحریک پاکستان میں قائداعظم کی ہر قدم پر مدد کرنے والی فاطمہ جناح نے قیام پاکستان کے بعد بھی سیاسی خدمات جاری رکھیں۔ وہ متحدہ پاکستان کی قائد حزب اختلاف اور صدارتی انتخاب میں امیدوار بھی رہیں انہوں نے قدرتی آفات کے مواقع پر بھی ملک بھر کے دورے کیے اور عوام کی دلجوئی کی.
متحدہ پاکستان کے اتحاد کی علامت محترمہ فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 کو کراچی میں اپنے ذاتی گھر موہٹہ پیلس میں انتقال کر گئیں، انہیں مزار قائد کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا جہاں پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان سمیت تحریک پاکستان کے دیگر اکابرین بھی آسودہ خاک ہیں.
محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 ء کوکراچی میں پیدا ہوئیں، اس وقت قائد اعظم لندن میں تعلیم حاصل کر رہے تھے، فاطمہ جناح کی عمرجب دو سال ہوئی تو آپ کی والدہ محترمہ کا انتقال ہو گیا۔17 اپریل 1902 ء کو آپ کے والد کا بھی انتقال ہو گیا تو بڑے بھائی محمد علی جناح نے گھر کی تمام ذمہ داریاں سنبھال لیں۔فاطمہ جناح نےمیٹرک کے بعد1913 میں سینئر کیمرج کا امتحان پاس کیا، 1919 ء میں کلکتہ میں ڈاکٹر احمد ڈینٹل کالج میں داخلہ لیا اور 1922 ء میں ڈگری حاصل کی اور ممبئی میں پریکٹس شروع کر دی، قائد اعظم کی شریک حیات کی وفات کے بعد20 فروری 1929 ء کو فاطمہ جناح اپنا کلینک چھوڑ کران کے گھر میں منتقل ہو گئیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے گھر منتقل ہونے کے بعد انہوں نے تحریک آزادی کو اپنا مشن بنایا۔ قائد اعظم نے خود اعتراف کیا کہ میں کوئی بھی سیاسی حتمی فیصلہ اپنی بہن فاطمہ جناح کے مشورے کے بغیر نہیں کرتا.
قائد اعظم کے بعد اگر کسی ایسی شخصیت کا ذکر مقصود ہو جس کی عدم موجودگی میں پاکستان کا قیام ناممکن ہو تو پھر فاطمہ جناح کا ہی نام آئے گا، فاطمہ جناح نے قائد اعظم کے ساتھ اپنی طویل رفاقت میں برادرانہ محبت، خلوص، نگرانی، تیمارداری اور مشاورت کا حق ادا کیا۔آپ کا بھائی کے ساتھ یہ تعلق ان کی وفات 11 ستمبر 1948 ء تک جاری رہا۔
اپنی طویل جد وجہد میں پاکستان کے لیے سب کچھ قربان کر دینے والی فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 ء کو اس دار فانی سے کوچ کر گئیں۔ آپ کا مزار قائد اعظم کے مزار کے احاطے میں ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں