اسٹا ف رپورٹ:پی این پی نیوز ایچ ڈی
دمام میں التمیمی گروپ کے نئے آفس کی افتتاحی تقریب بڑی دھوم دھام سے منعقد ہوئی، جس میں مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر التمیمی گروپ کے چیئرمین طارق تیمیمی، تافگا گروپ کے صدر سردار الیاس خان اور کے پرکومنٹ کے جنرل مینجر رضوان شیرازی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا گیا۔ طارق تیمیمی نے اپنے خطاب میں التمیمی گروپ کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ نیا آفس گروپ کی ترقی اور مزید کامیاب منصوبوں کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے گروپ کے مستقبل کے منصوبوں اور کاروباری حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔
سردار الیاس خان نے اپنے خطاب میں التمیمی گروپ کی ترقی اور کامیابی کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب میں کاروباری ماحول دن بہ دن بہتر ہو رہا ہے اور اس کے اثرات یہاں کام کرنے والی کمپنیوں پر بھی نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے التمیمی گروپ کے ساتھ مزید تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
کے پرکومنٹ کے جی ایم رضوان شیرازی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ جدید دفتر کا قیام اس بات کا غماز ہے کہ التمیمی گروپ اپنے کاروبار میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور اس کے ساتھ دیگر کمپنیوں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اپنے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کے دوران گروپ کے مختلف اعلیٰ افسران، ملازمین اور دیگر کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر کھانے پینے کا بھی اہتمام کیا گیا، اور مہمانوں کے ساتھ گروپ کے مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کا اختتام ایک خوبصورت کیک کٹنے کے ساتھ ہوا جس میں تمام اہم شخصیات شریک ہوئیں۔