رپورٹ اعجاز احمد طاہر اعوان (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ رواں برس سعودی عرب کے 6 ائیرپورٹس عازمین حج کا استقبال کریں گے اور 164 طیارے عازمین حج آپریشن کے لئے مختص کیے گئے ہیں.
سعودی فضائی کمپنیوں نے گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے حج اداروں کے ساتھ اس ضمن میں معاہدے کیے ہیں.
سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے بارہ لاکھ سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب لانے کے لئے 164طیارے مختص کیے گئے ہیں جس میں عازمین حج کو سو سے زیادہ شیڈول ہوائی اڈوں اور 14 سیزنل ہوائی اڈوں سے سفر حج کرایا جائے گا.
حج پروازیں سعودی عرب کے 6 ہوائی اڈوں پر پہنچیں گی جدہ اورمدینہ منورہ کے علاوہ ریاض، دمام، طائف اور ینبع کے ہوائی اڈوں پر بھی حج آپریشن ہوگا، ہزار سے زیادہ پائلٹ حج پروازوں پر تعینات کیے گئے ہیں.