explosion at a mosque in Peshawar's Kocha Risaldar 342

پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔

رپورٹ نمائندہ خصوصی پشاور(عدنان تابش ، تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے کہا کہ پشاور دھماکے کے 30 لاشوں کو ایل ار ایچ منتقل کیا گیا ہے، جبکہ زخمیوں میں بھی بیشتر شدید زخمی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر ایل آر ایچ میں ریڈ الرٹ کرتے ہوئے اضافی طبی عملے کو بلا یا گیا ہے۔
کیپٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) محمد اعجاز خان نے بتایا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار میں شیعہ جامع مسجد میں 2 حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک پولیس جوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک ہے۔
عہدیدار کے مطابق پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی اور جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔
سی پی پی او نے بتایا کہ پولیس کے اعلی حکام موقع پر پہنچ چکے ہیں اور جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارےاور ریسیکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں، اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
رپورٹس کے مطابق دھماکا مسجد کے قریب ہوا ہے، پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا ہے، علاقہ گنجان آباد ہونے کے سبب ریسکیو کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انتظامیہ نے قریبی ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں