(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ)
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے نئے معیارمتعین کیے ہیں تاکہ ہر وزارت اپنی کارکردگی کا عملی مظاہرہ کرے، وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کی کئی بار تعریف کی، عمران خان نے کہا کہ چین کا اتنا کامیاب دورہ اور اتنی پذیرائی پہلے کبھی نہیں ملی، یورپی یونین نے بھی وزیر اعظم کو دورے کی دعوت دی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان میں تین پارکوں کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
وزیرخارجہ نے بتایا کہ 23مارچ کو قومی پریڈمیں اس مرتبہ تمام مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ تلمبہ میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شہری کی ہلاکت کاواقعہ قابل مذمت ہے ،اس شخص کو پولیس کے حوالے کیاجانا چاہیے تھا ،قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بلاول بھٹو کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ بلاول بیٹا تیاری کر لو میں لاڑکانہ آ رہا ہوں، تمھارے سوالوں کا جواب وہیں آ کر دوں گا۔شاہ محمودقریشی نے مزید کہاکہ ہم سندھ کے حقوق کا تحفظ کرنے نکلے ہیں سندھ پر قابض لوگوں سے سندھ کو آزاد کروائیں گے،26 فروری کے لانگ مارچ کی میں خود قیادت کروں گا۔اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق ہے لیکن ہم بھی اپوزیشن کا بھرپور سیاسی مقابلہ کریں گے، پیپلز پارٹی انتخاب نہیں عدم اعتماد چاہتی ہے جبکہ ن لیگ نے اپنے منشور ’ووٹ کو عزت دو‘ کی نفی کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے اپوزیشن کو شکست ہوگی، اپوزیشن تقسیم ہے ن لیگ میں بھی دو دھڑے ہیں۔ تحریک انصاف کے حلیفوں سے ان کا رابطہ کرنا ان کے دعوئو ں کے برعکس ہے،ن لیگ کا بیانیہ دفن ہو گیا جب وہ چوہدری برادران کے در پر چل کر گئے۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کوئی کہے کہ میں آنا چاہتا ہوں تو کوئی منع تھوڑی کرے گا، چوہدری برادران نے ویلکم کیا ،ووٹ کا وعدہ نہیں کیا،جن کا پیٹ چاک کرکے پیسہ نکالنے کا بیان دیتے تھے ان سے بغل گیر ہو رہے ہیں۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ کاشتکاروں کو تحریک انصاف کے دور میں جو قیمتیں ملی ہیں اسکا ن لیگ دور سے موازنہ کر کے دیکھیں ۔ حکومت نے کھاد بنانے والی فیکٹریوں کو گیس فراہمی جا ری رکھی تاکہ کسانوں کو کھاد مل سکے ۔
انہوں نے کہاکہ بجلی یقیناً مہنگی ہوئی یہ ن لیگ دور کے معاہدے کا خمیازہ ہے۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر شپ کے نتیجے سے مولانا صاحب کو اشارہ مل گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی میدان میں اترے گی۔ عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ امیدوار خود نامزد کریں گے۔جنوبی پنجاب کے حوالے سے سوال کاجواب دیتے ہوئے ا نہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کا فنڈ جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہو گا کوئی اسے باہر منتقل نہیں کر سکتا۔نجی چینل کی بندش کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ صحافت اور غلاظت میں فرق ہے۔غریدہ فاروقی کے خلاف نجی چینل کو خود بھی ایکشن لینا چاہیے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ میں خراج تحسین پیش کروں گا اس بچی مسکان کو جس نے اللہ اکبر کے نعرے بلند کیے۔ہندوستان کا چہرہ سب کے سامنے واضح ہو گیا ہے۔