International Human Rights Day hosted by Elite Club Saudi Arabia and B Creative with Faiz 360

ایلیٹ کلب سعودی عرب اور بی کریئیٹو ود فیض کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی دن کا انعقاد

سعودی عرب۔رپورٹ: جویریہ اسد

انسانی حقوق کا عالمی دن ہر سال دسمبر کے مہینے میں منایا جاتا ہے جس میں انسانی حقوق کے بنیادی نکات کے بارے میں آگاہی پھیلاہی جاتی ہے۔
یہ سلسلہ 1948 میں اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کے طور پر شروع ہوا جو کہ تیس نکات پر مشتمل تھا۔
اسی مقصد کے تحت ایلیٹ کلب سعودی عرب کے یوتھ ونگ اور Be creative with faiz نے منطقیہ شرقیہ کےشہر الخبر میں ایک آگاہی نشست کا انعقاد کیا۔ تقریب کو دنیا بھر سے شرکاء کی سہولت کے لیے ہائبرڈ انداز میں منعقد کیا گیا۔
اس نشست کی نظامت الیٹ یوتھ کلب کے کوآرڈینیٹر فیض علی حسن نے شریک میزبان محمد حنزلہ طارق کے ساتھ کی۔
تقریب کا آغاز فیض علی حسن کی ایک تعارفی پریزینٹیشن سے ہوا جس میں انسانی حقوق اور اس کے ہماری زندگیوں پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں ایک جائزہ پیش کیا گیا۔ نشست کے اگلے حصے میں شرکاء ، بشمول، نویرہ نجم،زونیرہ نجم،رومیسہ انور، عبیر شیخ،دعا شکیل، رانیہ فاطمہ، عروہ فاطمہ، حسن طارق، حنزلہ طارق، ساحل رضا اور اریشہ عامر نے تقریب کے موضوع پر روشنی ڈالی اور معروف سماجی کارکنوں کی زندگی کے سفر کا احاطہ کیا۔
بعد ازاں خصو صی مہمان مقرر جناب فہیم ملک جدہ سے بذریعہ ذوم شامل ہوئے جو کہ ایک معروف مقرر، ٹرینر اور صحافی ہیں۔ انہوں نے اپنی فکر انگیز اور انٹرایکٹو پریزنٹیشن کے ذریعے موضوع کی جامع وضاحت کی۔
ایک پوسٹر سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں نے انسانی حقوق کے مختلف نکات پر مشتمل تخلیقی پوسٹرز کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
پوسٹر سیگمنٹ کے شرکاء میں سیف علی حسن، عبداللہ بن عاطف، منتہا انور ،دعا شکیل اور اریشہ عامر شامل تھے۔
نشست میں ایک تفریحی آرٹ سرگرمی کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں تمام شرکاء نے سال ۲۰۲۱ کی تھیم “سب انسان، سب برابر” سے متعلق فن پارے تیار کیے ۔
ایلیٹ کلب سعودی عرب کی بانی جویریہ اسد نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ ان کے سماجی کردار کی تعمیر ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک ایسی قوم کو تشکیل دیں جو مساوات پر یقین رکھتی ہو۔ ہمیں انہیں یہ احساس دلانے کی ضرورت ہے کہ نسل، رنگ، مذہب، جنس، زبان، سیاست، قومی یا سماجی تشخص سے قطع نظر انسانیت ہر چیز سے بالاتر ہے۔
آخر میں تمام شرکاء کو اسناد اور تحائف سے نوازا گیا اور نشست کا اختتام لذیذ ناشتےکے ساتھ ہوا۔
تمام شرکاء نے تنظیم کی کاوشوں کی بھر پور ستائش کی اور ایلیٹ کلب سعودی عرب کو متعدد سماجی مقاصد کے حصول کی جانب مسلسل اقدامات کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں