Pakistan contacts US to celebrate Democracy Conference 332

ڈیموکریسی کانفرنس میں پاکستان کا امریکا کو منانے کیلیے رابطہ

(سٹاف رپورٹ ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

پاکستان نے امریکاکو باور کرایا ہے کہ امریکی میزبانی میں منعقدہ ڈیموکریسی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا مطلب ہرگز یہ نہیں تھا کہ ہم کسی بلاک میں شامل ہو گئے ہیں یا ہمیں واشنگٹن کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں کوئی دلچسپی نہیں رہی.
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سربراہی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کے بارے میں پاکستان کے موقف کی وضاحت کی.
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ وینڈی شرمن نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو افغان امور سے آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا،وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے.
وزیر خارجہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو بتایا کہ پاکستان بڑے ممالک کی طاقت کی سیاست میں فریق نہیں بنے گا، شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی کہ انھوں نے دو روز قبل امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن سے بات کی تھی،تاہم واضح کشیدگی کے برعکس انھوں نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ امریکی نائب وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی گفتگو سے “مطمئن” ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکاسے درخواست کی ہے کہ وہ اسے مشکل میں نہ ڈالے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکاایک اہم ملک ہے اور رہے گا، ہمارے تعلقات میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے لیکن جب بھی دونوں ملک مل کر کام کرتے ہیں تو دونوں کو فائدہ ہوتا ہے،ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں جو کردار ادا کیاہے اسے دنیا تسلیم کرتی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں