Chairman of the US House of Representatives Foreign Affairs Committee meets with Foreign Minister Makhdoom Shah Mehmood Qureshi at the State Department 264

امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات۔

اسلام آباد(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

کانگریس مین گریگوری میکس، کے ہمراہ ذیلی کمیٹی برائے ایشیا کے چیئرمین کانگریس مین ایمی بیرا بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے امریکی کانگریس کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔
وزیر خارجہ نے اراکین وفد کو پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے میسر مواقعوں سے آگاہ کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار کمپنیاں، پاکستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے آئی ٹی سیکٹر اور 200 ملین افراد پر مشتمل وسیع مارکیٹ سے استفادہ کرتے ہوئے، بہترین منافع کما سکتی ہیں۔
وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے مابین پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔دوران ملاقات خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تیزی سے ابھرتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مربوط کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امریکی کانگریس کے وفد کوافغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں، پاکستان میں منعقدہ “ٹرائیکا پلس”اجلاس میں افغانستان میں امن و استحکام کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ کانگریس مین گریگوری میکس اور ایمی بیرا نے دورہ پاکستان کے دوران پرخلوص مہمان نوازی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین گریگوری میکس نے کابل سے امریکی و دیگر شہریوں کے محفوظ انخلاء میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ بھرپور معاونت پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔کانگریس مین گریگوری میکس نے پاکستان، امریکہ دو طرفہ تعلقات، کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کے وفد نے، امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد امریکیوں کے مثبت کردار کو سراہا۔فریقین نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوام کی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں