وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی 247

وزیراعظم پاکستان عمران خان کی کامیاب سیاسی حکمت عملی نے اپوزیشن کی تمام سازشیں ناکام بنا دیں.وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں 33قوانین پاس کرواکر تاریخ سازکامیابی حاصل کی ہے ۔ ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کرنے کی اپوزیشن کی تمام کوششیں بری طرح فلاپ ہو گئیں، وزیراعظم عمران خان کی حکومت نہ صرف پانچ سال پورے کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال کے لیے بھی عوام اس پر اعتماد کا اظہار کریں گے، عمران خان اور ان کی ٹیم نے پاکستان میں ہونے والی تاریخی قانون سازی سے آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی بنیاد رکھ دی۔چور اپوزیشن ماضی کی طرح روتی پیٹتی ہی رہے گی عمران خان کی حکومت ڈنکے کی چوٹ پر 5سال پورے کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد جموں کشمیر ہاؤس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ اوورسیزپاکستانی ہماری پہچان ہیں،نئے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کی جدوجہد قابل تحسین ہے انہیں ووٹ کا حق دینے کاانقلابی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی جرات مندانہ لیڈرشپ کی عکاسی کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر بھی بیرون ملک مقیم کشمیریوں کوووٹ کا حق دینے کے لیے جلد قانون سازی کرے گی۔اوورسیز کشمیری تحریک آزادی کشمیر کے سفیر اورآزادکشمیر کی پہچان ہیں وہ آزادجموں وکشمیر کی تعمیر میں بھی فعال کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر کے 10 لاکھ سے زائد شہری یورپ بالخصوص برطانیہ میں آباد ہیں۔ 5 لاکھ کے قریب مشرق وسطیٰ، شمالی امریکہ اور کینیڈامیں بھی رہائش پذیر یا پھر بسلسلہ روزگار مقیم ہیں۔ آزادجموں وکشمیر کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ان کی ترسیلات زر کے مرہون منت ہے۔انہوں نے ہمیشہ آزادکشمیر کی معاشی اور سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر نے اپنے الیکشن کے منشور میں بھی وعدہ کیا تھا کہ وہ برسراقتدارآکرضروری قانون سازی کے ذریعے اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دے گی۔ اب وعدے سے تکمیل کا سفر جلد شروع ہوگا۔پارلیمنٹ کے فیصلے کے بعد آزادجموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں بھی بل پیش کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں