نمیرہ محسن،پی این پی نیوز ایچ ڈی
آج امی کی تکلیف اور بڑھ چکی ہے۔ کینسر کی آگ ان کے جسم کے ہر ریشے میں دہک رہی ہے۔ رخ زیبا پر سونے سا غازہ چھا رہا ہے۔
امی ہمیشہ سے قدرت کی عاشق رہی ہیں۔ خود بھی حسین اور حسین چیزوں پر فدا ہونا ان کی فطرت میں تھا۔
انہیں ایک نظم ” آبی نرگس” بہت پسند تھی۔ بچپن میں ہر سردیوں میں ابو سے سائیلون چائے اورنرگسوں کی فرمائش کرتیں۔ اور جب نرگس آجاتے تو ان کی خالی آنکھوں کو سہلا کر ورڈز ورتھ کی یہ نظم دہراتیں۔ آواز میں بہت شیرینی اور نغمگی تھی۔ ہولے ہولے کئی ساعت گنگناتی جاتیں۔
آج مجھے وہ خود ایک نرگس نظر آئیں۔ خون سے عاری مگر دمکتا سفید دھلا چہرہ۔ اور میں وہ آوارہ بادل جو بلند چوٹیوں کے بیچ گھری وادیوں میں اس مرجھائے نرگس پر آرکا۔
کشمیر کے پہاڑوں پر کھلنے والا گلاب سرزمین حجاز پر بکھر رہا ہے۔ دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔
خواہش ہے کہ کاش ہم اپنی جان دے کر اپنے ماں باپ کو بچا سکتے۔ مگر یہ قانون الہی ہے۔ ملنا تو ہوگا۔ کبھی نہ بچھڑنے کے لیے۔ دعا ہے کہ اللہ ہم سب کو جنت الفردوس میں پھر سےملا دے۔ آمین