ریاض میں پہلی پاکستانی فیشن نمائش، پاک-سعودی ثقافتی ہم آہنگی کی جانب اہم قدم 41

ریاض میں پہلی پاکستانی فیشن نمائش، پاک-سعودی ثقافتی ہم آہنگی کی جانب اہم قدم

سعودی عرب۔ریاض۔ سٹاف رپورٹ : پی این پی نیوز ایچ ڈی

سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان فیشن کوچر کے سی ای او عدنان بشیر خان نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 16 نومبر کو ریاض میں پہلی بار ایک فیشن نمائش کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ اس نمائش میں پاکستانی ملبوسات اور جیولری کے علاوہ پاکستان کے نامور ڈیزائنرز بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ مقامی افراد میں بھی پاکستانی ملبوسات کے حوالے سے دلچسپی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فیشن کے شعبے میں ایک مضبوط تعلق قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے سعودی عوام پاکستانی فیشن کے رنگ اور پاکستانی ڈیزائنرز کی تخلیقات سے روشناس ہو سکیں گے۔اس نمائش میں مختلف پاکستانی برانڈز اپنے تیار کردہ لباس پیش کریں گے، جن میں روایتی ملبوسات، جدید فیشن، اور شادی بیاہ کے خصوصی ڈیزائن شامل ہوں گے۔

اس نمائش میں خصوصی طور پر ایک ڈیزائنر زون بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں پاکستان کے معروف ڈیزائنرز کے ساتھ نئے ٹیلنٹ کو بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔پاکستان فیشن کوچر نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ نمائش سعودی عرب میں پاکستانی فیشن انڈسٹری کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نمائش کے ذریعے سعودی عرب میں پاکستانی فیشن کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی صنعت کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔نمائش میں سعودی عرب اور دیگر ممالک کے فیشن کے شوقین افراد کو مدعو کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاک-سعودی ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور پاکستانی فیشن کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں