سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا وفد تین روزہ دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچ گیا 98

سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا وفد تین روزہ دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچ گیا

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کی سربراہی میں سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا وفد تین روزہ دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچ گیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وفد کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجاویز (بزنس ٹو بزنس) کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ نے بتایا کہ سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی سربراہی میں آنے والا اعلٰی سطح کا وفد 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کرے گا.

سعودی وزیرِ سرمایہ کاری کا دورہ پاکستان ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسلام آباد میں آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔
وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے دورے کا مقصد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانا ہے۔
بدھ کو پاکستان پہنچنے پر میزبان ملک کے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان سمیت دیگر اعلٰی حکام نے نُور خان ایئربیس پر مہمان وفد کا خیرمقدم کیا۔
سعودی وفد کے دورے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پانے کا امکان ہے.

واضح رہے کہ حالیہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب اور پاکستان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
رواں برس کے آغاز میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کا اعلان بھی کیا تھا۔
پاکستان طویل معاشی بحران سے نکلنے کی غرض کے لیے اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ تجارت، دفاع، توانائی اور اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کا خواہاں ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق سعودی وفد میں توانائی، کان کنی، معدنیات، زراعت، کاروبار، سیاحت، صنعت اور افرادی قوت سمیت مختلف کمپنیوں اور محکموں کے نمائندے شامل ہیں۔
سعودی وفد دورے کے دوران پاکستانی کمپنیوں سے کاروباری نوعیت کی ملاقاتیں کرے گا۔ اس دوران مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
سعودی عرب کا وفد پاکستان کی اعلٰی قیادت اور وزرا سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔
مہمان وفد پاک سعودی بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔ علاوہ ازیں سعودی وفد کی پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری ملاقاتیں بھی طے ہیں۔
اس دورے کے دوران مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے لیے مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر بزنس ٹو بزنس سے متعلق سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دیں گے جن کی مالیت دو ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں