جمشید دستی کے سنگین الزامات، الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں.مقامی پولیس 163

جمشید دستی کے سنگین الزامات، الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں.مقامی پولیس

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

جمشید دستی کی جانب سے ویڈیو پیغام میں لگائے گئے سنگین الزامات پر مقامی پولیس کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آگیا ہے.
ایس ایچ او سٹی مظفر گڑھ خرم ریاض نے جمشید دستی کے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمشید دستی کی رہائش گاہ پر کسی قسم کا ریڈ نہیں کیا گیا اور نہ ہی انکی فیملی کو ہراساں کیا گیا، جمشید دستی کی اہلیہ نے ہفتے کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جس کے دوران نہ ان کو ہراساں کیا گیا ہے نہ انکی طرف سے کوئی ہراسمنٹ کی درخواست آئی ہے.
خیال رہے کہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں جمشید دستی کاکہناتھاکہ ’میں صبح کے پونے چار بجے جسٹس آف پاکستان کیلئےویڈیو بنا رہاہوں، میں چار قومی اسمبلی کے الیکشن جیتا ہوں، آج خفیہ ایجنسیاں اور سی ٹی ڈی کے لوگ میرے گھر ظفر کالونی جھنگ روڈ مظفر گڑھ میں داخل ہوئے ہیں اور انہوں نے بہت بڑا ظلم اور بے غیرتی کا مظاہرہ کیا ہے، میری بیوی کو انہوں نے ننگا کردیا ہے ، بچوں کو مارا ہے، میرا چھوٹا بچہ دس مہینے کا ہے، وہ چیختا چلاتا رہا ہے، انہوں نے تین چار گھنٹے ہمیں یرغمال بنایا، پوری غنڈہ گردی اور بدمعاشی کا مظاہرہ کیا.
ان کامزید کہنا تھاکہ ’موبائل لے گئے، کیمرے توڑ کر لے گئے، تیس چالیس گاڑیاں تھیں، چونگی چوک میں انہوں نے یرغمال بنایا، دن سے ہی یہ حرام خوری کررہے تھے، میرے دوستوں کے گھروں میں بھی انہوں نے چھاپہ مارا ہے، میرے ساتھ بہت بڑا ظلم اور زیادتی ہوئی ہے، میں پچھلے نو مہینے سے ان کی غنڈہ کا مقابلہ کررہا ہوں، آج بیغیرتی پر آگئے ، انتہا پر آگئے، چیف جسٹس صاحب خدا کے واسطے میں پاکستانی ہوں، اتنا بڑا ظلم میں سوچ نہیں سکتا، میرے ساتھ اتنی بڑی زیادتی ہوگئی ہے، میرا جرم یہ ہے کہ میں اس ملک اور قوم کے ساتھ کھڑا ہوں، میرا یہ گنا ہ ہے کہ میں عمران خان کا ساتھی ہوں‘۔ جمشید دستی نے کہاکہ ’ کتنے دنوں سے ایک کیس تھا، میں نے ملتان بنچ سے حفاظتی ضمانت کروائی، پھر اس کے بعد میں نے مظفر گڑھ سے بھی آکرعبوری ضمانت کروالی تھی، کوئی کیس نہیں، آج رات انہوں نے جس بیغیرتی کا مظاہرہ کیا ہے، میرا دماغ کام کرنا چھوڑ گیا ہے اور میں اس کے ساتھ ہی اپنے قبیلے کے دوستوں سے، برادری سے، جو میرے امیدوار ہیں، ان سب سے کہتا ہوں خدا کے واسطے اکٹھے ہوجاﺅ، اتنی بیغیرتی ؟ ہم اپنی عزتیں اتروا بیٹھے ہیں، اتنا بڑا ظلم اور اتنا بڑا جبر، سی ٹی ڈی کے غنڈے ان کے لوگوں کو یہ الیکشن لڑوارہے ہیں، یہ خفیہ ایجنسیاں اور ویگو ڈالے والےبے غیرتی کا مظاہرہ کررہے ہیں، خدا کے واسطے لوگوں آجاﺅ، کچھ نہیں بچنا، میں مرنا چاہتا ہوں، مجھے مار دیں، عزت گئی ہے، چادر چار دیواری گئی ہے، میں گولی قبول کرنا چاہتا ہوں، مرنا چاہتا ہوں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں