رپورٹ : جویریہ اسد(تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے سید علی گیلانی کو ان کی دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے لیے انصاف اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کیا۔
1ستمبر2023 کو عظیم حریت لیڈر سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد مجید نے کہا کہ سید علی گیلانی ہمت اور استقامت کا پیکر تھے۔ انہوں نے کشمیریوں کے حقوق کے لیے انتھک محنت کی ۔ ان کی قربانیاں اورغیرمتزلزل عزم ہم سب کو ہمیشہ متاثر کرتا رہے گا۔ آج ہم بہادرکشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
ہمیں کشمیری آبادی کے خلاف جاری مظالم اورخلاف ورزیوں پرغورکرنا چاہیے اورجموں و کشمیر میں غیر قانونی قبضے کی واضح الفاظ میں مذمت کرنی چاہیے۔ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت دیا جائے سید علی گیلانی کے متاثر کن الفاظ، “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ گونجتے رہیں گے۔ آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ ان کی جائز امنگوں کی وکالت کرنے کے لیے انتھک کاوشیں کریں گے اور ہر جائز ذریعہ بروئے کار لائیں گے ہم سب کو مل کر ایک ایسے مستقبل کی طرف کام کرنا ہے جہاں کشمیری عوام اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کر سکیں اور امن اور ہم آہنگی سے رہ سکیں۔
204