رپورٹ : حاجی محمد ناصر قادری (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
پاکستان سنی تحریک تحصیل سیالکوٹ کے صدر محمد خالد قادری نے کہا ہے کہ اسلام امن پسند اور تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے ۔ مذہبی انتشار پھیلانے والے معاشرے میں بد امنی چاہتے ہیں ۔ قانون کی حکمرانی کو قائم رکھتے ہوئے امن کو برباد کرنے والوں کیخلاف پولیس اور دیگر ادارے فوری کارروائی کریں ۔ کھروٹہ سیداں میں گزشتہ ایک سال سے مسلمانوں اور عیسائیوں کے مابین مذہبی فسادات کو فروغ دینے کی مذموم سازش ہو رہی ہے ۔ اہلیان کھروٹہ سیداں نے پاکستان سنی تحریک کو بتایا ہے کہ قرآن پاک اور اسلام کی توہین کرتے ہوئے مختلف تحریریں جگہ جگہ پھینکی جاتی ہیں جس سے مذہبی منافرت اور انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھروٹہ سیداں میں پاکستان سنی تحریک کے سٹی صدر محمد زوہیب قادری ،ضلعی پریس سیکرٹری حافظ غلام عباس،تحصیل رابط کمیٹی ممبران چوہدری قمر ہنجرا، محمد رضوان قادری سٹی، رابط کمیٹی ممبر شیخ محمد عرفان قادری، صحافی سید عارف حسین شاہ ،سید جواد علی شاہ، سید احسن علی شاہ،سید فرقان علی ویگر کے ہمراہ خصوصی مشاورتی نشست کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ پاکستان سنی تحریک کے رہنماوں نے بتایا کہ ڈی پی او سیالکوٹ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو اس سلسلہ میں سید جواد علی کی مدعیت میں تحریری درخواست دیدی گئی ہے تاکہ ملزمان کیخلاف کارروائی کر کے ملزمان کو کیفرکردارتک پہنچایا جائے ۔ اہلیان کھروٹہ سیداں نے بھی ڈی پی او سیالکوٹ سے اپیل کی ہے کہ فوری ایکشن لیا جائے تاکہ لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں اور کوئی مذہبی دنگا فساد پیدا نہ ہو سکے ۔ دوسری طرف پولیس تھانہ کوٹلی لوہاراں نے نامعلوم ملزمان کیخلاف گستاخانہ تحریریں پھینکنے کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے.
96