چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے.وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب 175

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے.وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

سٹاف رپورٹ(تازہ اخبار پی این پی نیوز ایچ ڈی)

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بار پھر کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے، ان کے خلاف مزید 4 کیسز ٹرائل کورٹس میں زیر سماعت ہیں۔ ان کو عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا، کوئی عوامی احتجاج سامنے نہیں آیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ تھے، ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ عدالتیں موجود ہیں، الزامات کا جواب دینے کا حق ہر ایک کے پاس ہے۔ توشہ خانہ کیس عدالتوں میں چلتا رہا، قانون کے تمام مراحل مکمل کئے گئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے ریاستی تحائف سے متعلق پوچھا گیا تھا، ان کے خلاف ایک اور کیس 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق ہے۔ ان پر الزامات ہیں کہ وہ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے رہے۔ ایسا شخص جو عدالت میں مجرم ثابت ہو، اس کی گرفتاری ہونا ہی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے نیب کی 150 پیشیاں بھگتیں تھیں، انہوں نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کا جواب دیا۔ نوازشریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ پرامن احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت اور کارکنان کا جمہوری حق ہے۔ مگر تحریک انصاف کے کارکنان نے پیٹرول بموں کا استعمال کیا، ایسا پہلی بار دیکھا گیا کہ کسی سیاسی جماعت نے پیٹرول بموں کا استعمال کیا۔ زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس پر حملے کئے۔ کیا سکولوں، ہسپتالوں سمیت سرکاری املاک پر حملہ کرنے والوں کو رعایت دی جا سکتی ہے؟ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا، کوئی عوامی احتجاج سامنے نہیں آیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں