رپورٹ پشاور – عدنان تابش ( تازہ اخبار، پی این پی نیوز ایچ ڈی)
خیبرپختونخوا کے نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ سنٹرل پولیس آفس پہنچنے پر تبدیل ہونے والے آئی جی پی معظم جاہ انصاری اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے انہیں خوش آمدید کہا اور پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں خیبرپختونخوا پولیس کے شہداءکی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا مانگی۔ اختر حیات اس سے پہلے بحثیت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
بعد ازاں سنٹرل پولیس آفس میں تعینات اعلیٰ پولیس حکام سے خطاب کرتے ہوئے پولیس سربراہ اختر حیات خان نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم ورک پر یقین کرتے چلے آئے ہیں اور ازمائش کی اس گھڑی میں بھی ہم سب کو ریاست کا وفا دار بننا ہوگا اس کے لیے ہمیں اپنی فرائض پر فوکس کرنا ہوگا اور ہر ایک کو عوام کی وابستہ توقعات پر پورا اُترنا ہوگا۔ پولیس فورس کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال فورس ہے اور اسمیں ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے۔ اور اس نے دہشت گردی کے خلاف جس دلیری اور شجاعت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ اسکی مثال پوری تاریخ میں نہیں ملتی اور خیبرپختونخوا پولیس کی بحیثیت سپہ سالار تعیناتی کو وہ اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دے کر ایک سنہری تاریخ رقم کی ہے۔ ہم سب کو اُن کے مقدس خون کا لاج رکھنا ہوگا اس کے لیے ہمیں ہر محاذ پر اُنکے نقش قدم پر چل کر جرات و بہادری کا بے مثال عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہمیں خلوص نیت اور سخت محنت کو اپنا شعار بنانا ہوگا اور پولیس قربانیوں سے حاصل کردہ فورس کی بہترین ساکھ کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فورس کی بہتری کے لیے ہر فرد کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
141