سٹاف رپورٹ :(تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس کے دوران سانحہ پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ملک میں امن و امان کی صورت حال خصوصا دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا کو قومی سلامتی کو درپیش خطرات اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ کنٹرول لائن پر جاری سرگرمیوں کے معاملات بھی زیر غور آئے.
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، قوم نئے عزم کے ساتھ دہشت گردوں کو شکست دے گی۔ سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ دہشت گردوں کے کسی گروپ کو پنپنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کیخلاف آپریشنز پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے، انٹیلی جنس اداروں کے درمیان رابطے مربوط بنائے جائیں تاکہ دہشت گردوں کیخلاف منظم اور بھرپور ایکشن عمل میں لایا جائے.
148