President of Pakistan Overseas Community Global Women 519

پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل شعبہء خواتین سعودی عرب کی صدر نمیرہ محسن اور افشاں ملہان و دیگر ٹیم ممبران کی پاکستان فٹ بال ٹیم برائے خواتین سے ملاقات

رپورٹ الدمام : سردار صغیر برقی (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
19 جنوری کی یخ بستہ رات میں دختران سعودی عرب اور پاکستان نے باہم میچ میں حصہ لے کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
اس موقع پر میچ کے اختتام پر صدر نمیرہ محسن نے ٹیم ممبران سے ملاقات کی اور سعودی عرب میں اس اقدام کو بے حد سراہا۔ انہوں نے ٹیم اور دیگر ممبران سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے لیے ایسی سرگرمیوں میں مشغولیت انکی بہترین ذہنی ، جسمانی اور روحانی صحت کے لیے بے حد ضروری ہے۔ ایک مضبوط ماں آنے والی بے مثال نسل کی ضمانت ہے۔ ٹیم مینیجر قبطیہ نے اس موقع پر پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کی صدر نمیرہ محسن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی محبت اور خلوص کی بے حد مشکور ہیں اور مستقبل میں پر امید ہیں کہ ان کا یہ دورہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان محبت، دوستی اور بھائی چارے کا ایک نیا باب ثابت ہو گا۔
اس موقع پر پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل شعبہء خواتین سعودی عرب نے پاکستانی ٹیم کو خوش آمدید کہنے اور پاکستان کی بیٹیوں کی ہمت بندھانے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔اسٹیڈیم میں تمام انتظامات اور کھلاڑیوں سے ملاقات کا اہتمام ہونہار نوجوان ممبر ذنیرہ ذوالنون نے کیا۔ ممبر خواتین نے بڑی دلجوئی سے معزز ممبر فاطمہ صمد کی راہنمائی میں رات کو جاگ کر ولولہ انگیز بینرز اور پاکستانی جھنڈے تیار کیے۔
ایک جشن کا سا سماں تھا۔ کھیل کا پنڈال ایک گھنٹہ قبل ہی کچھا کھچ بھر چکا تھا۔ جونہی قومی ترانے کی دھن بلند ہوئی تمام حاضرین نے ہاتھ میں تھامے پاکستانی جھنڈے سینے سے لگا کر بھیگی آنکھوں اور وطن کی محبت سے سرشار دلوں کے ساتھ اپنا ترانہ گنگنانا شروع کیا۔ یہ سماں سعودی عرب میں پہلی بار دیکھنے کو ملا۔ میچ کا نتیجہ برابر رہا مگر سعودی عرب پورے ٹورنامنٹ میں زیادہ سکور کی وجہ سے اول نمبر پر رہا۔پاکستان دوسرے نمبر پر رہا۔
اس موقع پر پاکستانی ٹیم کی کھلاڑی خواتین ممبران سے گھل مل گئیں اور یادگار تصاویر بھی اتروائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں