سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
انہوں نے کہا کہ ﷲ کا شکر ہے کہ دن رات محنت کا ثمر گذشتہ کانفرنس میں سامنے آیا اور دنیا نے دیکھا کہ 9 ارب ڈالر کے اعلانات کئے گئے، یہ ایک تاریخی کامیابی ہے، یہ آپ کی ایمانداری سے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے کاوشوں کا نتیجہ ہے اور یہ آپ کی محنت، آپ کے پاکستان کے ساتھ اخلاص کا منہ بولتا ثبوت ہے، گذشتہ دن نہ صرف پاکستان کی حکومت بلکہ 22 کروڑ عوام کیلئے تاریخی دن تھا کہ کس طرح ٹیم پاکستان نے اپنے عوام کی بہتری اور مسائل کے حل کیلئے اس کاز کی تکمیل کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے صوبوں کی بھی حوصلہ افزائی کی اور انہیں کہا کہ وہ اس کانفرنس میں ہمارے ساتھ چلیں اور وہاں پر دنیا کے سامنے اپنا کیس رکھیں، اس طرح دنیا نے وہاں ایک اتحاد اور قومی یکجہتی دیکھی، اس کامیابی کا سہرا درجہ بدرجہ آپ سب کے سر ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کی ٹیم نے بھرپور ذمہ داریاں نبھائیں، وزارت خارجہ نے دنیا کو سیلاب متاثرین کی طرف توجہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن اور وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھرپور کاوشیں کیں، وزیر اطلاعات نے دنیا کی سکرینوں پر آپ سب کی کاوشوں کو اجاگر کیا، وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے بڑی محنت سے کام کیا، سیکرٹری خارجہ، سفیروں اور دیگر سفارتکاروں سب نے دن رات محنت کی، آپ سب کا پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اصل چیلنج ان اعلانات اور وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہے، ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہمیں اپنی استعدادکار بڑھانی ہے، اپنی تکنیکی مہارت کو بروئے کار لانا ہے اور اس کیلئے جو تکنیکی معاونت درکار ہو گی وہ فراہم کی جائے گی تاکہ ان اعلانات اور وعدوں کو حتمی شکل دی جا سکے، یہ مرحلہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک کی جانب سے اعلانات ہمارے لئے بہت حیران کن تھے، ان کے بہت مشکور ہیں، اﷲ کی مدد سے یہ معاملات آگے بڑھے، وفد کے اراکین اور افسران نے اپنی تمام صلاحیتیں اور قابلیت کو بروئے کار لا کر یہ مشکل ٹاسک حاصل کیا۔