چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا سیالکوٹ دورہ 192

مارچ کی مکمل تیاری ہے،چند دنوں میں کسی بھی وقت مارچ کا اعلان کروں گا.سابق وزیراعظم عمران خان

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے اسٹبلشمنٹ کو پیغام پہنچایا کہ سازش کامیاب ہوئی تو معیشت نہیں سنبھل سکے گی ۔ مارچ کی مکمل تیاری ہے،چند دنوں میں کسی بھی وقت مارچ کا اعلان کروں گا ، میں ابھی بھی انہیں ٹائم دے رہاہوں، آپ کے پاس چند دن ہیں ، اس کے بعد مارچ کا اعلان کروں گا ، میرا مارچ اکتوبر سے آگے نہیں جائے گا ، مارچ میں معلوم ہو جائے گا کہ عوام کہاں کھڑے ہیں ، میں انہیں ابھی بھی وقت دے رہاہوں کہ الیکشن کا اعلان نہ کیا تو مارچ کروں گا ۔کوئی بھی گارنٹی نہیں دے سکتا کہ بڑی تعداد میں عوام کے نکلنے کا نتیجہ کیا آئے گا.
سابق وزیراعظم عمران خان نے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم تھا، ریفرنڈم اس لیے کیوں کہ عوام کو پتا تھا کہ ہم نے اسمبلی میں نہیں بیٹھنا ، قوم اس وقت الیکشن چاہ رہی ہے ، قوم اس حکومت کو نہیں مانتی، کراچی میں جو ایک سیٹ ہارے وہاں پر پیپلز پارٹی نے کھل کر دھاندلی کی ، کراچی کی نشست پر دوبارہ الیکشن کرانا چاہیے ، کل ضمنی الیکشن میں کمبائنڈ پارٹی کے امیدواروں کو شکست دی ہے.
عمران خان کا کہناتھا کہ الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ، سیلاب کا بہانا بنایا گیا ، اس بار انہوں نے جوائنٹ امیدوار کھڑا کیا ، الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے ساتھ مل کر الیکشن کروایا، سندھ کا الیکشن کمشنر پیپلز پارٹی کے پے رول پر ہے ، ہمیں الیکشن کمشنر پر بالکل اعتماد نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سازش کے ذریعے مسلط کی گئی ،عوام نے ضمنی انتخابات میں انہیں مسترد کیا ، حکومت میں شامل جماعتوں نے مل کر الیکشن لڑا، اس اسمبلی اور امپورٹڈ حکومت کو عوام نہیں مانتی ، انہیں دوبارہ مسلط کر کے این آر او دلوایا گیا.
سابق وزیراعظم کا کہناتھا کہ امریکہ میں کسی پاکستانی کو ایسی عزت نہیں ملی جیسی مجھے ملی، امریکہ گیا تو ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے زیادہ عزت کی ، وہ ان لوگوں کی عزت کرتے ہیں جو نیشلسٹ ہوتے ہیں، بائیڈن کا بیان حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ، انہوں نے دنیا کو پیغام دیدیا کہ ہم ڈیفالٹ کرنے جارہے ہیں ۔ عمران خان نے کہا جنرل مشرف نے انہیں این آر او دے کر ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ،اداروں کو کہتاہوں کہ جتنی دیر یہ حکومت رہے گی ملک نیچے جائے گا، ان کے ہاتھوں میں اگر ملک رہا تو فرق قوم کو پڑے گا، ان کا سارا ٹبر باہر ہے ، میں نے کہا تھا کہ یہ ملک دو مرتبہ پہلے بھی دیوالیہ کر کے چھوڑ گئے ، پاکستان کے خلاف یہ پراپیگنڈہ ہے ، یہ ملک کو تیزی سے ڈیفالٹ کی طرف لے جارہے ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں