امریکہ مسئلہ کشمیر کے دیرپا اور مستقل حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین اور انسانیت سوز پامالیوں کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 153

امریکہ مسئلہ کشمیر کے دیرپا اور مستقل حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین اور انسانیت سوز پامالیوں کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

کیونکہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ظلم و بربریت جاری ہے خاص کر05 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میں بہت تیزی آئی ہے۔
نہتے کشمیریوں کی شہادتیں اور بے گناہ لوگوں کی گرفتاریاں معمول بن چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کا بدترین اور طویل ترین لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے اس مشکل اور بدترین حالات میں پھنسی ہوئی کشمیری عوام اس چیز کے منتظر ہے کہ کوئی اُن کا پرُسان حال ہو۔ کوئی ان حالات سے انہیں باہر نکالنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔
ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں امریکی نائب وزیر خارجہ الزبتھ ہارسٹ (Elizabeth Horst) سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ملاقات میں ساؤتھ ایشیاء، سنٹرل ایشیاء اور پاکستان کے بیوروہیڈ کرسٹوفرجسٹر(Christopher Jester)بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی نائب وزیر خارجہ الزبتھ ہارسٹ (Elizabeth Horst) کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دے کر انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس ملاقات میں اس بات پر خصوصی طور پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لئے امریکہ اپنا کردار ادا کرے۔
کیونکہ امریکہ اس وقت واحد سپر پاور ہے جو مقبوضہ کشمیر کے ایشو کو حل کروانے کے لیے اپنا سفارتی اثر و رسوخ استعمال کر سکتا ہے۔
بعد ازاں جب صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری امریکی وزارت خارجہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے باہر آئے تو انہوں نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج یہاں امریکی وزارت خارجہ میں اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتوں میں امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے دیرپا اور مستقل حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام جس اذیت اور کرب سے گزر رہے ہیں اُس سے انہیں نجات دلائی جا سکے۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر صحافیوں کو اپنے دورہ امریکہ کی غرض و غایت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میں کل نیویارک واپس جا رہا ہوں جہاں پر میں اقوام متحدہ میں بھی اہم ملاقاتیں کروں گا اور انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر مبذول کراؤں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں