سٹاف رپورٹ (تازہ اخبار ،پی این پی نیوز ایچ ڈی)
صبح اٹھتے ہی یہ ارادہ کر لیں کسی بھی شخص کی مدد کرنا ہے اور
خود کو برائی سے دور رکھنا ھے یقین جانیں ہم ایک بےمثال قوم بن جائیں گے۔
مولانا عبدالستار ایدھی کے اس قول کے پیش نظر انکی بے لوث اور ناقابل فراموش خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے میمن ویلفیئر سوسائٹی-ماسا نے جدہ کے مقامی ریسٹورنٹ میں ایک تقریب “عبدالستار ایدھی ایوارڈ” منعقد کی جو کہ اس سلسلے کی پانچویں تقریب تھی۔
جن میں ماسا بورڈ ممبران، میڈیا عہدیداران، سیاسی نمائندگان، کاروباری شخصیات اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت ولید طارق نے حاصل کی۔
نعت رسول مقبول ﷺ پڑھنے کا شرف کلیم جیت پور والا کو حاصل ہوا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض عمران امین مسقطیہ نے ادا کیے۔
سراج آدمجی نے مولانا ایدھی کو اپنے منفرد انداز اور بہترین الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ماسا شعیب سکندر نے مولانا عبدالستار ایدھی کے ساتھ گزارے ہوئے اپنے یادگار لمحات اور واقعات سے حاضرین کو آگاہ کیا اور بتایا کہ مولانا کی شخصیت اور انسانی مدد کے جذبے سے متاثر ہو کر انہوں نے فلاحی کاموں میں حصہ لینا شروع کیا اور وہ آج بھی ماسا کے پلیٹ فارم سے فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
جنرل سیکرٹری صادق سوراٹھیا نےحاضرین کو بتایا کہ مولانا ایدھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ماسا بھی خدمت خلق میں مصروف عمل ہے چاہے وہ سعودی عرب میں ہو یا دوسرے کسی بھی ممالک میں۔
ماسا کمیٹی، کمیونٹی کی سپورٹ پوری لگن اور جذبہ سے سرشار بلا تفریق انسانیت کی خدمت پر مامور ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم OIC کے نمائندہ جناب رضوان سعید شیخ نے ماسا عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی کہ ماسا نے اس عظیم شخصیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں انہیں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا۔
انہوں نے کہا مولانا ایدھی جیسی مثالی شخصیت کروڑوں میں ایک ہوتی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ بنی نوع انسان کی خدمت کے بارے میں فکر مند دیکھا اور سنا۔
بحیثیت قوم ہمیں انکی تقلید کرتے ہوئے انکے مشن کو مزید آگے تک لے جانا ہے۔
اس جیسی نامور اور قابل فخر شخصیت کو امن کا نوبل انعام نہ دیا جانا لمحہ حیرت اور لمحہ فکریہ بھی ہے۔
انہوں نے حاضرین سے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرین لوگوں کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست بھی کی۔
سال رواں منتخب امیدوار محمد اسماعیل مینڈھا کو عبدالستار ایدھی ایوارڈ سے نوازا گیا جو کہ سعودی عرب میں پچھلے نو سالوں سے نہ صرف ماسا کے پلیٹ فارم سے بلکہ دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر کمیونٹی اور دیگر تمام افراد کی بے لوث خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
مہمان خصوصی اور ماسا کے عہدیداران نے محمد اسماعیل مینڈھا کو پانچواں ایدھی ایوارڈ پیش کیا جس پر حاضرین نے انکی پذیرائی کی اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
انہوں نے ایدھی ایوارڈ کیلئے اپنے انتخاب پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے میمن ویلفیئر سوسائٹی-ماسا کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا سر زمین حجاز آنے کے بعد اللہ رب العزت نے انہیں فلاحی سرگرمیوں کیلئے مزید مواقع فراہم کئے اور ماسا جیسا پلیٹ فارم عطا کیا جہاں اجتماعی طور پر ایک ٹیم کی شکل میں خدمت خلق کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔
مجھے خوشی ہے کہ میں اس ٹیم کا ایک حصہ ہوں۔
اس سے پیشتر حاضرین کو جاوید خیرانی کی تیار کردہ ایک مختصر ڈاکومنٹری فلم دکھائی گئی جس میں مولانا ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ماسا کی فلاحی سرگرمیوں کا مختصِرًا جائزہ پیش کیا گیا جسے ہال میں موجود حاضرین نے خوب سراہا۔
میمن ویلفیئر سوسائٹی-ماسا کے صدر نے اپنی کور کمیٹی کے ہمراہ مہمان خصوصی جناب رضوان سعید شیخ صاحب کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ انکی آمد پر انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
دیگر شریک مہمانان میں پاکستان قونصلیٹ جدہ سے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی جناب عبدالرؤف مایو اور شیراز علی کے ساتھ ساتھ جدہ میں مختلف جماعتوں کے اعلی عہدیداران جناب چوہدری اظہر وڑائچ، چوہدری اکرم، ریاض بخاری، نوشیروان خٹک اور ریاض شاہین آفریدی شامل تھے۔
تمام مہمانان کو ماسا کے پیٹرنز اور ممبران کے ہاتھوں روایتی شال اوڑھا کر انکا خیر مقدم کیا گیا۔ تقریب میں مختلف میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اپنے اختتامی کلمات میں نائب صدر وسیم عبدالرزاق تائی نے تمام حاضرین اور مہمان خصوصی کا پروگرام میں شرکت پر انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ایونٹ کمیٹی کے سربراہ خالد تنوما اور انکی ٹیم عاقل تیلی، جاوید خیرانی، سراج لالہ، احمد مکی، سراج آدمجی، عمران مسقطیہ، اور خزانچی عرفان بھمڑی کو اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب کا اختتام ایک پر تکلف عشائیہ سے ہوا۔
181